واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم

ہفتہ 12 جون 2021 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد و منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر کی قیادت میں کالج چوک سے لیکر عبدالولی خان یونیورسٹی مین کیمپس تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اوالک کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کا رڈ اٹھا رکھے تھے جن پر'کلین اینڈ گرین مردان'' لگائیں گے جان تو ہوگا صاف مردان ''اور آئیں مل کر مردان شہر کو صاف ستھرا شہر بنائیں ''کے نعرے درج تھے۔

واک کے اختتام پر کالج چوک سے با ب مردان تک مردان نوشہرہ روڈ کے دونوں اطراف اور سڑک کو مکمل طور پر صاف کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد نے مردان شہر کی بہترین صفائی پر ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے حکام اور سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو انجنیئر امیر خان کی قیادت میں کمپنی سٹاف بہترین خدمات انجام دے رہا ہے جس کی وجہ سے مردان شہر کی صفائی میں کافی بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

شہر یوں کو بھی کمپنی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے تاکہ مردان شہر کو ایک ماڈل شہربنایا جاسکے۔منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہر کی چودہ یونین کونسلوں سے روزانہ کی بنیاد پر160ٹن کچرا اکٹھا کیا جارہے ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر نالیوں کی صفائی بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہفتہ صفائی مہم کے دوران شہر کے بڑے بڑے چوراہوں کو مکمل طور پر صاف کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو دھویا بھی جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے سینیٹشن سٹاف نے شہر کے مختلف مقامات پر بنائے گئے انتظار گاہوں کو بھی صاف کر دیا ہے تاکہ شہری گاڑیوں کے انتظار میں گرمی کی تپش سے بچ سکیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ،اسسٹنٹ منیجر ویسٹ واٹر مینجمنٹ اکرام اللہ،چیف سینٹری انسپکٹر ساجد خان،سینٹری انسپکٹر عبد الحکم اور دیگر نے عملہ صفائی کے ساتھ مل کر شہر کی صفائی میں حصہ لیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔واک کے اختتام پر کمپنی کے منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر نے جاری صفائی آپریشن کا جائزہ بھی لیا اور ورکرز کو داد دی۔اس موقع پر باران رحمت کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی اور شہریوں میں شربت بھی تقسیم کیا گیا۔