پیپلزپارٹی کی وفاقی بجٹ منظور کروانے کیلئے حکومت کو بڑی پیشکش

بجٹ منظور کروانے کیلئے تنخواہ، پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنا پڑے گا، سندھ کے بجٹ میں کم ازکم تنخواہ 25 ہزار روپے کررہے ہیں، وفاق اور باقی صوبوں کو چیلنج ہے، وہ بھی اتنا ہی اضافہ کریں۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 جون 2021 19:59

پیپلزپارٹی کی وفاقی بجٹ منظور کروانے کیلئے حکومت کو بڑی پیشکش
مردان (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جون2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے حکومت کو پیشکش کی ہے کہ بجٹ منظور کروانے کیلئے تنخواہ، پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنا ہوگا، سندھ کے بجٹ میں کم ازکم تنخواہ 25ہزارروپے کررہے ہیں، وفاق اور باقی صوبوں کو چیلنج ہے، وہ بھی اتنا ہی اضافہ کریں۔انہوں نے مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے ملک وقوم کو خدمت کی ہے، ضیاء الحق سے لے کر آمر مشرف کیخلاف جدوجہد کی ،پھر خیبرپختونخواہ کو وسائل اور شناخت دی، ہم بزرگوں کے تجربے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، نوجوان آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام دشمن بجٹ پیش کیا ہے، عوام کا معاشی قتل ہوا ہے، مہنگائی اس وقت تاریخی سطح پر ہے، ہماری مہنگائی کی شرح افغانستان ، بنگلا دیش، اور بھارت سے بھی زیادہ ہے، عمران خان کی سلیکٹڈ سرکار میں تاریخی بے روزگاری ہے، غربت بھی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، عمران خان اور وزیر اتنے شرمندہ ہیں کہ بے روزگاری، اور غربت کے اعدادوشمار کو دستاویز سے غائب کردیا ہے، وہ ان اعداد کو عوام سے چھپانا چاہتے ہیں، غربت میں سب سے زیادہ اضافہ خیبرپختونخواہ میں ہوا۔

(جاری ہے)

ہمیں معلوم ہے ہر گاؤں میں جو لوگ پہلے خوشحال تھے وہ عمران خان کی حکومت کے بعد بے روزگار ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تنخواہوں میں 120 اضافہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہوا، سرحد پر کھڑے ہمارے سپاہیوں کی تنخواہوں میں 170فیصد اضافہ ہوا ، یہ نالائق حکومت کہ ہم نے تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کیا، تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔

سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کے بجٹ میں کم ازکم تنخواہ 25ہزارروپے کررہے ہیں،ہمارا وفاق اور باقی صوبوں کو چیلنج ہے، آپ بھی تنخواہوں اور پنشن میں اتنا ہی اضافہ کریں۔ اگر بجٹ کو منظور کروانا چاہتے ہو تو تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنا پڑے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کرنے کیلئے حکومت نے کام شروع کردیا ہے۔

ہم دھاندلی کرنے والوں کو بھگائیں گے۔ آج خورشید شاہ کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ جس نے ابھی تعلیم مکمل کی ہے، جس نے کسی مچھر کو نہیں چھیڑا، اس کو گرفتار کرلیا ہے،لیکن اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ جو سمجھتے ہیں کسی سیاستدان کے بیٹے یا بیوی کو گرفتار کرکے وہ اپنا راج قائم کررہے ہیں،میں ان کو چھوڑوں گا نہیں، تم میرے کارکنوں کے بیٹوں کو گرفتار کرو گے تو ہم تمہارے بیٹوں کو گرفتار کروں گا،آپ میرے بزرگوں کو گرفتار کرو گے تو میں بھی آپ کے بزرگوں کو گرفتار کروں گا۔ ایسا نہیں ہوگا کہ پیپلزپارٹی شریف سیاست کرتی رہے۔ بہت کم وقت ہے انشاء اللہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ملک بھر میں جگہ جگہ حکومت آرہی ہے۔