انڈے کے حجم جتنے اولے، آزاد کشمیر میں طوفانی ژالہ باری نے تباہی مچا دی، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کے بعد سے گزشتہ رات سے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری

muhammad ali محمد علی ہفتہ 12 جون 2021 20:32

انڈے کے حجم جتنے اولے، آزاد کشمیر میں طوفانی ژالہ باری نے تباہی مچا ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2021ء) انڈے کے حجم جتنے اولے، آزاد کشمیر میں طوفانی ژالہ باری نے تباہی مچا دی، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کے بعد سے گزشتہ رات سے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری۔ تفصیلات کے مطابق سال کے سب سے گرم ترین مہینے جون کے آغاز کے بعد ملک کے بیشتر علاقے قیامت خیز گرمی کی لہر کی لپیٹ میں تھے۔

تاہم اب کئی روز سے جاری ناقابل برداشت ہیٹ ویوو کا زور جمعہ کی شب کو ٹوٹ گیا، شہریوں کو بالآخر سکھ کا سانس لینے کا موقع ملا۔ بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواوں کا سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ شب کو ملک کے کئی علاقوں میں آندھی کے بعد گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کئی شہروں سے بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خاص کر آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں طوفانی ژالہ باری ہوئی جس کے لوگ خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔ کئی علاقوں میں انڈے کے حجم جتنے اولے پڑے جس کی وجہ سے گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل جاری محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 11 جون سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

بارشوں کا یہ سلسلہ 11 جون سے 14 جون تک کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی خیبر پختو نخوا اورشمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواوئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسائے گا۔ جبکہ بارشوں کے اس سلسلے کے بعد بھی رواں ماہ میں مزید بارشوں کے سلسلوں کی آمد کی نوید سنائی گئی۔ بتایا گیا کہ جون کے آخری 2 ہفتوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بہتر رہے گا۔

جون کے آخری 2 ہفتوں کے دوران بارشوں کے 2 سے 3 سلسلوں کی آمد کی توقع ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال مون سون جون کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔اعلامیے کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے قریب ہوں گی، مون سون کرنٹس سب سے پہلی جنوب مشرقی سندھ یعنی تھرپارکر اور اردگرد کے علاقوں میں داخل ہوں گے۔کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔