پاکستا ن میں غیر اسلامی اور آئین، بنیادی انسانی حقوق سے متصادم کسی بھی قانون سازی کو قبول نہیں کرینگے ‘ مولانافضل الرحمان

آئی ایم ایف کی شرائط پر پیش ہونے والے بجٹ سے غریب عوام کو کو ئی فائدہ نہیں ہو گا،مساجد اور مدارس کی خود مختاری پر بیرونی دبائوقبول نہیں کرینگے

ہفتہ 12 جون 2021 21:44

پاکستا ن میں غیر اسلامی اور آئین، بنیادی انسانی حقوق سے متصادم کسی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر اورجمعیت علمائے اسلام (ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر پیش ہونے والے بجٹ سے غریب کو ئی فائدہ نہیں ہو گا ،حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کردیا ہے ،سودی قرضوں پر بننے والے بجٹ سے آنے والی نسلیں بھی مقروض ہوتی چلی جارہی ہیں ،جے یو آئی پاکستا ن میں غیر اسلامی اور آئین بنیادی انسانی حقوق سے متصادم کسی بھی قانون سازی کو قبول نہیں کرے گی ،مدارس اور مساجد کی خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا بیرونی دبائوقبول نہیں کریں گے ،موجودہ بجٹ بھی آئی ایم ایف نے بنا یا ہے جب ملک میں آئی ایم ایف کی پالیسیاں چلتی رہیں گی اس وقت تک ملکی معیشت میں بہتری نہیں آسکتی ، اس نا اہل حکمرانوں سے چھٹکارے کے لئے پی ڈی ایم 4جو لا ئی کو سوا ت اور 29جو لائی کو کراچی میں عوامی قوت کا بھر پور مظاہرہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوںحافظ اشرف گجر ،سید سلمان گیلانی،حاجی عبد الرحمن،طارق بلوچ،حافظ غضنفر عزیز ،بلال احمد میر اور دیگر سے لاہور روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وقف املا ک بل آئین ،شریعت اور بنیادی انسانی حقو ق کے منافی ہے ،جے یو آئی نے اس بل کو پہلے ہی دن مسترد کر دیا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ جے یو آئی مساجد ومدارس کے تحفظ کی جنگ پہلے بھی لڑتی رہی اور آج بھی لڑرہی اور آئندہ بھی لڑتی رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ نا اہل حکو مت علما ء کو تقسیم کر نے اور وفاق المدارس العربیہ کو توڑ نے کے لئے جو مرضی سازش کر لے ان کا انجام بھی سابق صدر پرویز مشرف کے بنائے گے بورڈز کی طرح ہونا ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سو دنوں ملک کی تقدیر بدلنے والوں نے ایک ہزار دنوں میں ملک کا ستیاناس کردیا ہے ،موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی سب ناکام اور نا اہل ترین حکومت ہے ،مہنگائی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ عوام کا جینا دوبھرکر دیا ہے،معاشرے کے تمام طبقات سرپا احتجاج ہیں لیکن نا اہل حکومت سب اچھا کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی توقعات پی ڈی ایم سے وابستہ ہیں ،پی ڈی ایم عوام کو مایوس نہیں کرے گی ،ریاست مدینہ کے نام لیوا کے دور میں غریب ایک وقت کی روٹی کھانے سے بھی محروم ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جتنی مہنگائی اس دور حکومت میں ہوئی ہے پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی کسی کے دور حکومت میں نہیں ہوئی ،حکومت عوام کو ریلیف دینے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،عوام کو ریلیف عوامی حکومت ہی دے سکتی ہے سلیکٹیڈ کے بس کی بات نہیں ،ہم آئین اور جمہورریت کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔