ہائیکورٹ بلوچستان کی ایڈووکیٹ و ممبر بلوچستان بار کونسل عندلیب قیصرانی کی جانب سے دائر آئینی پٹیشن کی سماعت

ایڈووکیٹ جنرل سرکاری محکموں میں موجود تمام لاء افسران کی لسٹ جمع کرائے،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

ہفتہ 12 جون 2021 23:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد کامران خان ملاخیل پر مشتمل بینچ نے ہائی کورٹ بلوچستان کی ایڈووکیٹ و ممبر بلوچستان بار کونسل عندلیب قیصرانی کی جانب سے دائر آئینی پٹیشن کی سماعت کی ۔اس آئینی درخواست میں بلوچستان بار کونسل کو بذریعہ اس کے وائس چیئرمین فریق بنایا گیا ہے درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کئی ایسے افراد عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں جو خود کو ایڈووکیٹ ظاہر کرتے ہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ ان میں سے کئی کا تو بار کونسل میں اندراج ہی نہیں ہے اور کئی دوسرے اب تک سرکاری نوکریاں کر رہے ہیں لہذا ایسے تمام افراد عدالتوں کے سامنے پیش ہونے کے مجاز نہیں ہیں اس پر چیئرمین ایکزیگٹو کمیٹی بلوچستان بار کونسل محمد ایوب ترین نے بتایا کہ ایسے تمام افراد جو خود کو ایڈوکیٹ ظاہر کرتے ہیں انہیں باز رکھنے کے لیے پہلے ہی چند اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وکلا جمیل رمضان، جمیلا پانیزئی علی جان ترکئی اور محمد آصف خلجی نے اس موقع پر بتایا کہ وہ ا یسے تمام افراد کی لسٹ مہیا کرنے میں ایگزیکٹو کمیٹی کی معاونت کریں گے ۔معززعدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کو کوڈ آف کنڈیکٹ و بار کونسل ایکٹ 1973 اور لیگل پریکٹشنرز کی دفعات کی مدد سے خلاف ورزی کرنے والے ایسے افراد کے خلاف ایکشن لینا چائیے عدالت کو اس امر سے بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ایسے افراد جو سرکاری نوکری سے منسلک ہیں ان کی لسٹ بار کونسل کو مہیا کی جا چکی ہے ۔

عدالت نے کہا کہ وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اس لسٹ کی تصدیق کے بعد اسے ایک ہفتے کے اندر رجسٹرار عدالت عالیہ کو فراہم کریں تاکہ صوبے کے تمام پریزائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کی جا سکے کہ ایسے افراد کو عدالتوں میں پیش ہونے سے باز رکھیں اور اسے تمام وکلاء جن کی نوکریوں کی تصدیق ہوجاتی ہے ان کے لائسنسز منسوخ کیے جائیں بار کونسل ضلعی عدالتوں کی آگاہی کے لئے ایسے تمام افراد کو نوٹس جاری کریں ۔معزز عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل سرکاری محکموں میں موجود تمام لاء افسران کی لسٹ جمع کرائے اور اس کی کاپی بلوچستان بار کونسل سے بھی شیئر کریں۔