پی ایس ایل 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر

پشاور زلمی نے میچ 61 رنز سے جیت لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 13 جون 2021 00:59

پی ایس ایل 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں 61 رنز شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے ۔ 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز صائم ایوب اور عثمان خان نے اچھا آغاز فراہم کیا اور ابتدائی 6 اوور میں بغیر کسی نقصان کے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 62 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری جب وہ 28 رنز بنا کر ایلن کا شکار ہوئے۔ صائم ایوب 35 رنز بنا کر محمد عرفان کی وکٹ بنے۔ جیک ویدرلڈ نے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،اعظم خان اور کیمرون ڈیلپورٹ صفر پر آؤٹ ہوئے، گلیڈی ایٹرز کا سکور جب 5 وکٹوں پر 85 رنز تھا تو عمید آصف نے محمد نواز کو بھی کھاتا کھولنے کی مہلت نہیں دی اور پویلین بھیج کر چھٹی وکٹ حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کے 100 مکمل کر لیے لیکن دوسرے اینڈ سے ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں تھا۔ عمید آصف نے خرم شہزاد کو رن آؤٹ کرکے گلیڈی ایٹرز کی ساتویں وکٹ گرادی، زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے محمد حسنین اور زاہد محمود کی وکٹیں اڑادیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد نے 36 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان نے 3، عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کرلیں۔ اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کے لیے کھیل کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا جب نوجوان بلے باز حیدر علی پہلی ہی گیند پر محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔

عثمان شنواری نے حیدر علی کا کیچ تھاما ۔ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک بھی ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرکے تیسرے اوور کی دوسری گیند پر محمد نواز کا نشانہ بنے اور صرف 2 رنز ان کے حصے میں آئے۔ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر ٹیم کو شدید مشکلات سے نکالا،ملر نے زاہد محمود سمیت دیگر بلے بازوں پر بلند و بالا چھکے لگائے۔ ڈیوڈ ملر نے چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، کامران اکمل نے ملر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے شراکت داری میں ٹیم کی پہلی نصف سنچری اور بعد میں سنچری مکمل کی۔

دوسرے اینڈ سے کامران اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی، پشاور زلمی کا سکور 135 رنز پر پہنچا تو کامران اکمل کو محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو کردیا ،ڈیوڈ ملر 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پشاور زلمی کی جانب سے پانچویں اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے بازشرفین رودر فورڈ تھے جو 10 رنز بنا سکے، پاوول اور فیبیان نے مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی کا سکور 197 رنز تک پہنچایا، پشاور زلمی کے پاوول 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز شکست کھانے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور آندرے رسل کی جگہ ظاہر خان کو موقع دیا۔ پشاور زلمی کو آخری میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد(کپتان)، فاف ڈیو پلیسی، عثمان خان، جیل ویدرلڈ، اعظم خان، محمد نواز، ظاہر خان، خرم شہزاد، زاہد محمود اور محمد حسنین شامل ہیں جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران پر مشتمل ہے۔