اندورن ملک ہوائی سفر سستا ہوگیا، کرایوں میں40 فیصد تک کمی کردی گئی

قومی ایئر لائن نے کرایوں میں کمی کا فیصلہ گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے کیا، اس ضمن میں خصوصی کرایہ متعارف کروا دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جون 2021 10:54

اندورن ملک ہوائی سفر سستا ہوگیا، کرایوں میں40 فیصد تک کمی کردی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2021ء ) قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اندورن ملک کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن حکام کی جانب سے اندرون ملک کرایوں میں کمی کردی گئی ہے ، جس کے بعد پی آئی اے سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے خوشخبری ہے کہ اب وہ کرایوں کی مد میں 40 فیصد رعایت کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن نے کرایوں میں کمی کا فیصلہ گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے کیا ، اس ضمن میں خصوصی کرایہ متعارف کرواگیا ہے، جس کی روشنی میں لاہوراور کراچی ، اسلام آباد اور کراچی ، لاہور سے پشاور اور کراچی سے پشاور کے درمیان یک طرفہ کرایہ 6 ہزار 9 سو 50 روپے مقرر کیا گیا ہے ، جس سے اندرون ملک مسافروں کو خاطرخواہ سفری سہولت میسر ہوگی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف عالمی وباء کورونا وائرس کے باوجود قومی ایئرلائن کی کارکردگی بہتری کی جانب گامزن ہے اور پی آئی اے کا آپریٹنگ خسارہ 7 ارب روپے سے کم ہوکر صرف 68 کروڑ رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی کارکردگی سے متعلق اقتصادی سروے رپورٹ جاری کردی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئرلائن کی کارکردگی کورونا وباء کے باوجود مجموعی طور پر بہتررہی ، جس کی وجہ سے سال 2020-21 میں پی آئی اے کی مجموعی آمدن 97 ارب 8 کروڑ روپے رہی اور آپریٹنگ خسارہ 7 ارب روپے سے کم ہوکر صرف68 کروڑ ہوگیا۔

اقتصادی سروے رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ 2020ء میں طیاروں کی تعداد میں تو کمی ہوئی لیکن روٹس میں اضافہ ہوا، قومی ایئرلائن میں انتظامی امورکے ساتھ ڈسپلن کو بھی کافی بہتر کیا گیا ، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے آپریٹنگ لاگت میں کٹوتی کے علاوہ آپریٹنگ لاگت میں بھی کمی لانے کے لئے رضا کارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرائی ، جس کے نتیجے میں 770 ملین روپے کی بچت ہوگی جب کہ پی آئی اے کا سیٹ فیکٹر رواں سال81 فیصد سے کم ہوکر 74 فیصد رہا۔