مصری وزیراوقاف کا حج سے متعلق سعودی فیصلے کی حمایت کا اعلان

سعودی عرب کی طرف سے رواں سال حج سے متعلق انتظامی فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ،بیان

اتوار 13 جون 2021 11:45

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) مصری وزیر برائے اوقاف محمد مختار نے سعودی عرب کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے جس میں رواں سال فریضہ حج کو مملکت کے اندر موجود مقیم مسلمانوں اور مقامی شہریوں تک محدود کرنے کے ساتھ حجاج کی تعداد ساٹھ ہزار مقرر کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری وزیر اوقاف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے رواں سال حج سے متعلق انتظامی فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ہم اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کے عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ میں زندگی کی حفاظت کے مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت سعودی عرب کے اس سال حج کو محدود رکھنے کے فیصلے کی حمایت اوراس کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

موجودہ کرونا وبا میں حج سے متعلق اس سے بہتر اور کوئی فیصلہ نہیں ہو سکتا۔مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علام نے بھی رواں سال فریضہ حج سے متعلق سعودی عرب کے وضع کردہ طریقہ کار کی حمایت کی ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت کے اعلان کے مطابق سال رواں کے حج میں صرف 60 ہزار شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو فریضے کی ادائی کی اجازت ہوگی۔دنیا بھر میں کورونا وبا کی صورتحال اور وائرس کی نئی شکلیں ظاہر ہونے کے باعث فریضے کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔