غرب اردن میںاسرائیل کے سرحدی محافظ کی فائرنگ سے فلسطینی خاتون شہید

خاتون کے پاس چاقو تھا اور وہ بارڈر کراسنگ پر تعینات سرحدی محافظوں کی جانب بڑھ رہی تھی،صیہونی فوج کا دعویٰ

اتوار 13 جون 2021 11:45

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) اسرائیل کے ایک سرحدی محافظ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گذرگاہ پرفائرنگ کرکے فلسطینی خاتون کو شہید کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے دعوی کیا کہ اس خاتون کے پاس چاقو تھا اور وہ بارڈر کراسنگ پر تعینات سرحدی محافظوں کی جانب بڑھ رہی تھی۔یہ واقعہ مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے درمیان واقع قلندیہ کی گذرگاہ پر پیش آیا ۔

(جاری ہے)

اسرائیلی پولیس نے کہا کہ سرحدی محافظوں نے فلسطینی عورت کو باربار رکنے کا اشارہ کیا اور آوازلگائی۔جب وہ نہیں رکی تو ایک محافظ نے اس پر فائرنگ کردی ہے۔اس سرحدی گذرگاہ پر موجود بعض فلسطینیوں نے اس واقعہ کی ویڈیوزبنائی ہیں۔ان میں فلسطینی خاتون کو اسرائیلی سرحد کی جانب زمین پرپڑے دیکھا جاسکتا ہے۔اسرائیلی پولیس نے بعد میں کہا ہے کہ مقتولہ کی عمر28 سال تھی۔فلسطین کے مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا کہ گولی لگنے کے فوری بعد خاتون کی موت واقع ہوگئی تھی۔اسرائیلی پولیس نے واقعے سے متعلق مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔