شام کے شمالی شہرعفرین میں اسپتال پرتوپ خانے سے حملہ، 16افراد ہلاک

شامی کرد ملیشیا وائی پی جی نے عمارت پر ایک میزائل سے حملہ کیا،ترک فوج کی جوابی کارروائی

اتوار 13 جون 2021 11:45

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) شام کے شمالی شہرعفرین میں توپ خانے سے دوحملوں میں 16افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی شہری دفاع کے حکام نے بتایاکہ پہلے حملے میں عفرین کے اقامتی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے اور دوسرے حملے میں ایک اسپتال پر گولے داغے گئے ہیں۔مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں عفریں میں واقع الشفا اسپتال کی گولہ باری سے متاثرہ عمارت دیکھی جاسکتی ہے۔ الشفا اسپتال کے ذرائع نے دعوی کیا کہ شامی کرد ملیشیا وائی پی جی نے عمارت پر ایک میزائل سے حملہ کیا ہے۔اس کے ردعمل میں ترک فوج نے توپ خانے سے معر النعمان شہر کے نزدیک واقعے دیہی علاقے میں کردملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ۔

(جاری ہے)

عفرین پر ترکی کی حمایت یافتہ فورسز کا کنٹرول ہے۔ترکی ماضی میں وائی پی جی پر شہریوں پر حملوں کا الزام عاید کرتا رہا ہے جبکہ اس کرد ملیشیا کا کہناتھا کہ وہ شہریوں پر اس طرح کے حملے نہیں کرتی ہے۔ترک حکومت وائی پی جی کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دیتی ہے اور اس کو ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خلاف جنگ آزما کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کی)کی اتحادی قراردیتی ہے۔ ترک فوج نے شام کے سرحدی علاقے سے کرد ملیشیا کو پیچھے دھکیلنے کے لیے گذشتہ تین برسوں میں دو بڑی کارروائیاں کی ہیں۔ترک فوج اور اس کے اتحادی شامی باغی گروپوں نے مارچ 2018 میں ایک بڑی فوجی کارروائی کے بعد عفرین پر قبضہ کر لیا تھا۔عفرین اور اس کے نواحی علاقوں میں زیادہ تر کردنسل کے لوگ آباد ہیں۔