لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل ایک اور قیمتی جان لے گیا

لاہور کے علاقے مستی گیٹ میں رات کو پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جون 2021 12:04

لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل ایک اور قیمتی جان لے گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جون 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل ایک اور قیمتی جان لے گیا ، جہاں گلے پر ڈور پھرنے سے 3 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مستی گیٹ میں رات کو پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 سالہ بچہ خضر حیات جاں بحق ہوا جو کہ موٹر سائیکل پر اپنے والد اور بہن بھائیوں کےساتھ جارہا تھا کہ اس دوران کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھرگئی ، بچہ موٹر سائیکل پر سب سے آگے بیٹھا تھا جس کے باعث ڈور سے اس کی شہ رگ کٹ گئی ، بچے کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا اور خالق حقیقی سے جا ملا۔

پولیس کے مطابق واقعےکا مقدمہ نامعلوم پتنگ باز کے خلاف فلائنگ کائٹ ایکٹ کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، جب کہ واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مستی گیٹ انسپکٹر محمد زاہد نواز کو معطل کر دیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ، سردار عثمان بزدار نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے واقعات قطعی ناقابل برداشت ہیں اور پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے، پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔

خیال ہرہے کہ چند روز قبل ہی لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا ، منظور موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ ہربنس پورہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے اس کا انتقال کر گیا ، واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا جب کہ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے پر علاقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا ۔

اس سے پہلے لاہورمیں قاتل ڈور نے نوجوان پروفیسر کی بھی جان لے لی تھی ، چونیاں کے نواحی شہر کنگن پور کا رہائشی گورنمنٹ دیال سنگھ کالج میں تعینات پروفیسر محمد آفتاب لاہور مسلم ٹائون موڑ پُل سے گزر رہا تھا کہ ڈور پھرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا ، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جب کہ لاش گھر پہنچتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا ، نمازجنازہ کے بعد پروفیسرمحمدآفتاب کومقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔