پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر بھی آنے کا خدشہ

کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ ہے، صحت کی صورتحال ایک بار پھر سنگین ہوسکتی ہے کیوں کہ ملک میں بھارتی قسم سمیت کورونا وائرس کی مختلف اقسام رپورٹ ہوئی ہیں۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے خبردار کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جون 2021 12:24

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر بھی آنے کا خدشہ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جون 2021ء ) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی چوتھی لہر بھی آنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ ہے، صحت کی صورتحال ایک بار پھر سنگین ہوسکتی ہے کیوں کہ ملک میں بھارتی قسم سمیت کورونا وائرس کی مختلف اقسام رپورٹ ہوئی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ملک میں کورونا ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، بالخصوص صنعتی شعبے کو ساتھ لیا جائے کیوں کہ اگر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت ایک اور لاک ڈاؤن کا انتخاب کرسکتی ہے، اس صورتحال سے بچنے کے لیے ہر ایک کو وائرس سے بچاؤ کے کی ویکسین لگوانی ہوگی، حکومت ان عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے گی جو ویکسینیشن کے اہداف کو پورا کرنے میں ناکام ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ حکومت صرف ان فیکٹریز کو کھولنے کی اجازت دے گی جو کورونا وائرس کے خلاف اپنے عملے کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائے گی ، جس کے لیے انہوں نے نادرا کے دفاتر میں کبھی ووڈ 19 ویکسی نیشن کے مراکز کھولنے اور میڈیکل اور پیرامیڈیکل کے آخری سال کے طلبہ سے اس سلسلے میں مدد حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری طرف پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے12 ممالک سی کیٹیگری سے نکال دیا ہے، اسی کیٹیگری لسٹ میں 38 ممالک شامل تھے، اب کم ہوکر 26ممالک رہ گئے ہیں ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹیگری سی ممالک کی نئی فہرست جاری کردی ہے، فہرست میں بھارت ، بنگلا دیش، برازیل ، انڈونیشیاء ، ایران ، عراق اور جنوبی افریقہ ،چلی ، کولمبیا، نیپال، فلپائن، بھوٹان شامل ہیں،ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ جون کے مہینے میں کیٹیگری سی ممالک سے تمام پاکستانیوں کو واپس آنے کی اجازت ہوگی ، وطن واپس آنے والے پاکستانی مسافروں کو ریپڈ ٹیسٹ، قرنطینہ اور ایس اوپیز پابندیوں پر عمل کرنا ہوگا ، کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے دوسرے ملک کے شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے این اوسی کی شرط پر عمل کرنا ہوگا۔