سعودی عرب کے حج انتظامات پراسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا خیر مقدم

کرونا وبا کے دنوں میں سعودی حکومت نے جو تدابیر اور انتظامات کیے وہ قابل قدر ہیں،بیان

اتوار 13 جون 2021 12:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) سعودی عرب کی طرف سے رواں سال فریضہ حج کے متعلق انتظامات پر عالم اسلام اور اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کی طرف سے خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی طرف سے رواں سال حج کومحدود کرنے، مناسک حج کے موقعے پر مقامی اور غیرملکی مسلمانوں کے لیے صحت کے انتظامات کی تحسین کی ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمین نے ایک بیان میں کہا کہ کرونا وبا کے دنوں میں سعودی عرب کی حکومت نے فریضہ حج کی ادائیگی سے متعلق جو تدابیر اور انتظامات کیے ہیں وہ قابل قدر ہیں۔انہوں نے گذشتہ برس فریضہ حج کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے سعودی اقدامات کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

یوسف بن عثیمین کا کہنا تھا کہ او آئی سے کے میزبان ملک سعودی عرب نے کرونا وبا کے آغاز ہی سے وبا کا پھیلا روکنے اور اس کے منفی اثرات کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے تھے۔

انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے شہریوں کو کرونا ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے موثر اقدامات اور بروقت ویکسین کی فراہمی پر حکومت کے کردار کو سراہا۔دوسری طرف خلیج تعاون کونسل نے بھی رواں سال کرونا وبا کی وجہ سے حج کو مقامی شہریوں اور سعودی عرب میں موجود مسلمانوں تک محدود رکھنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔سعودی عرب کی کبار علما نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ لوگوں کی زندگی بچانے کے لیے فریضہ حج کو محدود کرنے کا فیصلہ شریعت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔