کلبھوشن یادیو کا کیس بگاڑنے والی مسلم لیگ ن ہے ، شاہ محمود قریشی

بھارت چاہتا ہے کلبھوشن کا کیس دوبارہ بہانے سے آئی سی جے لے جائے، امید ہے ہماری اپوزیشن بھارت کی چالوں کو سمجھے گی اور اپوزیشن کے ارکان نا سمجھی کا ثبوت نہیں دیں گے۔ وزیر خارجہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جون 2021 13:14

کلبھوشن یادیو کا کیس بگاڑنے والی مسلم لیگ ن ہے ، شاہ محمود قریشی
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جون2021ء ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کا کیس بگاڑنے والی مسلم لیگ ن ہے، مجھے امید ہے ہماری اپوزیشن بھارت کی چالوں کو سمجھے گی اور ارکان ناسمجھی کا ثبوت نہیں دیں گے۔ ملتان میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی سی جے کے احکامات پر عملدر آمد کے لیے اقدامات کیے لیکن بھارت چاہتا ہے کہ کلبھوشن کا کیس دوبارہ بہانے سے آئی سی جے لے جائے، جس کیلئے بھارت چاہتا ہے کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دی جائے ، مجھے امید ہے کہ ہماری اپوزیشن بھارت کی چالوں کو سمجھے گی اور اپوزیشن کے ارکان نا سمجھی کا ثبوت نہیں دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی آئی اے چیف کا دورہ کوئی خفیہ نہیں اور نہ یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ ہے انٹیلی جنس سربراہ عالمی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشاورت کے لیے آتے رہتے ہیں تاہم پاکستان کا امریکہ کو اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ نے کہا کہ عزتیں سب کی برابر ہوتی ہیں ہم کسی کی بلاوجہ پگڑی اچھالنے کے قائل نہیں ہیں ، احتساب کے عمل سے جو بھی گزر رہا ہے اسے صفائی کا موقع دیا جائے گا، بلاول اپنی صفائی پیش کردیں وہ بری الذمہ ہوجائیں گے کیوں کہ ہم انتقام نہیں بلکہ صاف اور شفاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں اور یہ بالکل واضح ہے کہ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں البدر پارک بنانے پر خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں ، چیئرمین، ڈی جی پی ایچ اے کے ہمراہ یہاں آیا ہوں، البدر گراؤنڈ جو اجڑا ہوا تھا یہاں عالیشان پارک بنے گا۔ پارک میں پودے اور پھول لگائے جائیں گے، یہ ڈھائی کروڑ کا منصوبہ ہے، فیملیز کے لیے یہ پارک تفریح کا مقام بن رہا ہے۔ پی ایچ اے والوں سے کہا ہے معیاری کام کر کے مطمئن کریں اس کے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیر اعظم کے حکم پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گی۔