فنکار اپنے ملک کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، گورنرسندھ

ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے ملک کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے، عمران اسماعیل

اتوار 13 جون 2021 16:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اپنے ملک کا مثبت امیج پیش کرنے میں فنکاروں کا بہت بڑا کردار ہے۔ پی آئی ایف ایف فلموں میں زبردست صلاحیت کے حامل تعاون کو پروڈکشن کی حوصلہ افزائی اور پاکستان کو ایک دلچسپ اور متحرک ملک کے طور پر پیش کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔گورنر سندھ نے یہ بات فریئر ہال اور باغات کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی فلمی میلے "میٹ اینڈ گریٹ" میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی ایک سافٹ امیج پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلموں کے ذریعہ تعلیم ، تفریح اورفنون کو شائقین کے سامنے بلا کسی تفریق پیش کرنے سے عالمی سطح پر برداشت، رواداری اورنئے نظریات کو فروغ دیا جا سکتا ہے ،تعلیم کے فروغ کے لئے فلم ایک بہترین پلیٹ فارم ہے اس سے دنیا بھر کی مختلف ثقافتوں اور تہذیبوں سے واقفیت حاصل کی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ COVID-19 وبائی مرض کا ہماری زندگی کے تقریبا تمام پہلوؤں پر اثر پڑا ہے ، اور فلمی صنعت بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے،نئی کاروباری ماڈلز ، جمالیاتی طریقوں اور تکنیکی بنیادی ڈھانچے کے معاملے میں فلم انڈسٹری اس بحران سے نکالا جا سکتا ہے ۔گورنرسندھ نے کراچی فلم سوسائٹی کی جانب سے کامیاب فیسٹول کرانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ معاشرہ میں ترقی و کامیابی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں بے حد معاون و مدد گار ثابت ہوتے ہیں بلاشبہ کراچی فلم سوسائٹی نے ایک عمدہ اور قابل ستائش اقدام اٹھایا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اس بجٹ کو جو پزیرائی ملی ہے وہ ماضی میں پہلے کسی بجٹ کونہیں ملی، ہماری معیشت بہترہوئی ہے،ترقیاتی بجٹ 900ارب ہے اس میں سے صوبوں کو23فیصد حصہ دیاگیاہے ۔