حکومت اپنے منشور کے مطابق دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے،ظہورشاکر

اتوار 13 جون 2021 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج ، اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا ہے کہ حکومت اپنے منشور کے مطابق دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے حلقہ کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ 30کلومیٹر مین روڈ ہنگو ٹو سروزئی ، نوائے ڈنڈ چھیری وزیران ، سروزئی سمال ڈیم اور ہنگو طوروڑئی سمال ڈیم کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں منظوری دے کر ان کیلئے خطیر رقوم مختص کئی گئی ہیں جس پر وہ اور حلقہ کے عوام وزیر اعلیٰ محمود خان کے انتہائی مشکور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوآبہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور تمام محروم طبقات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے کئی میگا پراجیکٹس کی منظوری اس کی زندہ مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل ٹل میں صحت و تعلیم ، مواصلات و زراعت سمیت گلیوں کوچوں کی ترقیاتی سکیموں کے علاوہ گیس کی فراہمی کیلئے پچاس کروڑ روپے صوبائی حکومت جبکہ پچاس کروڑ روپے مرکزی حکومت دے گی ، تحصیل ٹل میں 20کلومیٹر روڈ کی منظوری سے مختلف یونین کونسلوں میں چھوٹی چھوٹی سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل ہو گی اسی طرح دوآبہ ڈگری کالج اور آٹھ کلومیٹر محمد زئی روڈ کی تعمیر و مرمت منصوبے میں شامل ہے۔

انہوں نے ہنگو ٹو سروزئی روڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے تحصیل ٹل کے عوام ہی نہیں بلکہ کرم ایجنسی اور وزیرستان تک کے عوام استفادہ کریں گے ۔معاون خصوصی نے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے کہا کہ اس سے نہ صرف علاقے کے لوگوں کا آبنوشی کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ ہزاروں کنال بنجر اراضی بھی قابل کاشت ہو گی اور علاقے کے لوگ خوراک میں خود کفیل ہونگے۔ظہور شاکر نے پینے کے صاف پانی کے حوالہ سے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ہنگو میں پانی کی دستیابی کیلئے مکمل سروے کیا جائے اور لوگوں کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کریں تاکہ ضلع ہنگو میں بھی ترقی کا عمل جاری رہے۔