مسلم لیگ(ن) کی خوبی ہے کہ وہ ہر چیز کو پڑھے بغیر ہی مسترد کر دیتے ہیں، فوادچوہدری

احسن اقبال، مریم اورنگزیب،سعدرفیق خطاطی سیکھیں،قلم دوات لے کر خود ہی لکھیں کہ حکومت نامنظور،ان کے بینرز کا خرچہ بچے گا،پریس کانفرنس

اتوار 13 جون 2021 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) کی خوبی ہے کہ وہ ہر چیز کو پڑھے بغیر ہی مسترد کر دیتے ہیں۔اتوارکو گورنرہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہاکہ ن لیگ کی پالیسی بغیر دیکھے ہر چیز کو مسترد کرنے کی ہے، لگتا ہے وہ آئندہ سات برس یہی کچھ کریں گے، ن لیگ نے سمندرپارپاکستانیوں کوووٹ کاحق دینے کی مخالفت کی،احسن اقبال نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مسائل کا ادراک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، اسحاق ڈار اور ان کے بیٹے بھی تو باہر ہیں ان کے بارے میں کیا خیال ہے۔ نوازشریف،حسن نواز،حسین نواز اس وقت کیا ہیں،نوازشریف کیااس وقت سمندرپار پاکستانی نہیں بیرون ملک پاکستانی اپنے وطن سے عشق میں مبتلاہیں،بیرون ملک پاکستانی اربوں روپے کی ترسیلات بھیجتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی ملک سے پیسہ نہیں لے کر جاتے بلکہ باہر سے بھیجتے ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق جو ریمارکس دیے گئے اس کی مذمت کرتا ہوں۔فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اگلے الیکشن میں ناکامی نظر آرہی ہے اس لیے اصلاحات نہیں چاہتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن)کولٹیروں کا گروہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین دیکھے بغیر مسترد کردی،پاکستان میں انتخابی عمل کو شفاف بناناچاہتے ہیں ،ہماری ترامیم پسند نہیں تو آپ اپنی تجاویز دے دیں،آئندہ انتخابات میں بھی ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں۔

فاقی وزیر فواد چوہدری نے مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب، سعد رفیق،احسن اقبال سمیت دیگر لیگی رہنمائوں کو خطاطی سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہارکے خوف سے الزامات لگارہے ہیں،آئندہ7سال کیلئے ن لیگ کوخطاطی سیکھ لینی چاہیئے،اسمبلی کے باہربیٹھ کر لکھتے رہیں،نامنظور ،نامنظور،اس سے ان کے بینرز کا خرچہ بچے گا۔