شہنشاہ غزل مہدی حسن کو دنیا سے رخصت ہوئے 9 برس بیت گئے

اتوار 13 جون 2021 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) جو گایا ، کمال گایا، ہر غزل شاندار، ہر گیت لازوال، سروں کے بادشاہ، غزل گائیکی کو امر کرنے والے شہنشاہ غزل مہدی حسن کو دنیا سے رخصت ہوئے 9 برس بیت گئے۔غزل ہو یا گیت مہدی حسن کا کوئی ثانی نہیں۔ ہر فلم کی کامیابی کی ضمانت بنے، گیت اور غزلیں آج بھی زمانے میں مقبول ہیں۔ملکہ ترنم نور جہاں نے ایک مرتبہ مہدی حسن سے متعلق کہا تھا میں نے صرف تان سین کا نام سنا تھا لیکن انہیں دیکھا تو مہدی حسن کے روپ میں، جب بھی غزل گائیکی کا ذکر ہو گا تو اس میں مہدی حسن کا نام سب سے پہلے شامل ہو گا کیونکہ انہوں نے غزل گائیکی کو ایک نئی جدت سے روشناس کروایا، جو بھی گایا وہ سننے والوں پر سحر طاری کر گیا۔

کئی دہائیوں پر محیط اس سفر میں انھوں نے 25 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیت نغموں اور غزلوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

(جاری ہے)

اپنی بہترین گائیکی پر 9 نگار پبلک فلم ایوارڈ اور لاتعداد دیگر ایوارڈ حاصل کیے۔ پڑوسی ممالک نے بھی ان کی شاندار خدمات کا اعتراف کیا اور کئی ایوارڈز سے نوازا۔۔ فلم فرنگی کے لیے فیض احمد فیض کی غزل گلوں میں رنگ بھرے ریکارڈ کروائی تو غزل گائیکی کو ایک نیا انگ اور آہنگ مل گیا جس نے غزل کو ایک نئی زندگی عطا کر دی۔مہدی حسن صرف ایک گلوکار نہیں بلکہ ایک عہدکا نام ہے،،وہ موسیقی کی درسگاہ کا درجہ رکھتے تھے،،طویل علالت کے بعد مہدی حسن 13 جون 2012 کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ شہنشاہ غزل نارتھ کراچی کے محمد شاہ قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔