پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ کا لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف

5 وکٹیں گرنے کے بعد آصف علی اور افتخار احمد کی شاندار بلے بازی، فالکنر کے 3 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 13 جون 2021 19:56

پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ کا لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 153 رنز ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے پہلے ہی اوور میں عثمان خواجہ بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔

جیمز فالکنر نے روہیل نذیر کو چلتا کردیا اور اگلے اوور میں گزشتہ میچ کے ہیرو کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا، فالکنر نے حسین طلعت کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ پاور پلے کے بعد پہلی ہی گیند پر حارث رؤف نے یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کام بھی تمام کردیا۔ اس موقع پر افتخار احمد کا ساتھ دینے آصف علی آئے۔

(جاری ہے)

آصف علی نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک عرصے بعد فارم میں نظر آئے اور بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل حالات میں نصف سنچری مکمل کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب آصف علی 43 گیندوں پر 5 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بناکر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ ہو گئے،افتخار احمد نے بھی 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے اور حارث رؤف کی وکٹ بن گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے فالکنر 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حارث رؤفاور شاہین شاہ آفریدی نے دو ، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے فائنل الیون نے تبدیلیاں کی ہیں اور یونائیٹڈ نے حسن علی اور عاکف جاوید کی جگہ فواد احمد اور علی خان کو ٹیم کو حصہ بنایا ہے جب کہ قلندرز نے محمد فیضان کی جگہ ذیشان اشرف کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، روہیل نذیر، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد موسیٰ، فواد احمد، علی خان اور محمد وسیم شامل ہیں جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، ذیشان اشرف، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔