پرامن افغانستان کی راہ ہموار کرنے کیلئے منبر و محراب سے اپنا کردار ادا کریں ، مرکزی علماء کونسل

سعودی عرب مکہ مکرمہ اعلامیہ کی روشنی میں تمام گروپوں کو متحد کرکے افغانستان میں امن کے حصول کیلئے متحد ہو جائیں ، اعلامیہ

اتوار 13 جون 2021 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) مرکزی علماء کونسل پاکستان نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے علماء سے اپیل کی ہے کہ وہ پٴْرامن افغانستان کی راہ ہموار کرنے کیلئے منبر و محراب سے اپنا کردار ادا کریں ،سعودی عرب مکہ مکرمہ اعلامیہ کی روشنی میں تمام گروپوں کو متحد کرکے افغانستان میں امن کے حصول کیلئے متحد ہو جائیں ،افغانستان کی تمام اکائیاں متحد ہوں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں پرامن افغانستان پاکستان کے علماء کی خواہش ہے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمودقاسمی مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شاہ نواز فاروقی،وائس چیئرمین مولانا یار محمد عابد، وائس چیئرمین صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی، وائس چیئرمین مولانا محمد شعبان صدیقی،وائس چیئرمین حافظ شعیب الرحمن قاسمی،وائس چیئرمین مولانا عبدالمنان عثمانی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر احمد عثمانی، ڈپٹی سیکرٹری حافظ محمد امجد، ایڈیشنل سیکرٹری مولانا خالد محمود سرفرازی فنانس سیکرٹری مولانا حفیظ الرحمن کشمیری، قانونی مشیرمیاں محمدطیب ایڈووکیٹ، رئیس دارالافتاء مفتی حفظ الرحمن بنوری نے اپنی مشترکہ پریس ریلیز میں کہا کہ افغانستان کے علماء اور مشائخ کو مذہبی ہم آہنگی اور پٴْرامن فضا کے قیام کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہئے افغانستان میں متحارب فریقین کے مابین مفاہمت کے عمل کی حمایت کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ افغانستان کی عوام کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے مفاہمت سمیت دیگر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اسلام مذہبی ہم آہنگی اور اتحادپر زور دیتا ہے اسلام میں امن رواداری اعتدال پسندی اور مفاہمت پر زور دیا گیا ہے افغانستان میں امن پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے مرکزی علماء کونسل پاکستان کے قائدین کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں طے شدہ اعلامیے کے مطابق امن عمل کے ذریعے امن اور مفاہمت کو فروغ دینے کیلئے افغان علماء اور مشائخ اپنا کردار ادا کریں گے افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں اور افغانستان کی حقیقی قیادت سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ افغانستان امن عمل سے وابستہ رہیں حکومت پاکستان نے ہمیشہ افغان امن عمل کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے پاکستان کے علماء بھی ہمیشہ اپنے برادر اسلامی ملک افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔