بجٹ نے پاکستانی عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے،بیروزگاری کا نیا طوفان آنے والا ہے‘راجہ پرویز اشرف

انتخابی اصلاحات پر پارلیمان کے اندر اور باہر حکومتی رویہ غیر سنجیدہ ہے،کلبھوشن کیلئے قانون سازی کیلئے اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی‘میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 جون 2021 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما وسابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بجٹ نے پاکستانی عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے،بیروزگاری کا نیا طوفان آنے والا ہے ،بجٹ کو مسترد کرنے کیلئے اپوزیشن متحد ہے ،انتخابی اصلاحات پر پارلیمان کے اندر اور باہر حکومتی رویہ غیر سنجیدہ ہے،کلبھوشن کیلئے قانون سازی کیلئے اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی،ہماری اس قانون میں کوئی ان پٹ نہیں،پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی اور دیگر ارکان پنجاب بجٹ میں اپنا کردار ادا کرینگے۔

ان خیالات کااظہارراجہ پرویز اشرف نے بلاول ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پیپلز پارٹی پنجاب میں جنگی بنیادوں پر سامنے آئیگی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو اپنے نانا اور والدہ کے پرانے ساتھیوں سے خود ملنے جائینگے۔آئندہ عام انتخابات جیتیں گے۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کا خاصا ہے کہ وہ چاروں صوبوں کی جماعت ہے۔

سندھ حکومت جائز شکایت کرتی ہے اس میں صوبائیت نہیں،ہماری قیادت نے ہمیشہ وفاق کی بات کی ہے ،مشاورت جاری ہے اور اسکا دائرہ کار وسیع کر رہا ہوں۔جامع رپورٹ مرتب کر کے چیئرمین کو دونگا جس کے بعد پنجاب تنظیم مکمل ہو گی۔انہوںنے کہاکہ انشا اللہ پیپلز پارٹی کا روایتی رنگ ہر جگہ نظر آنا شروع ہو جا ئیگا۔پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت ہے۔ہر ایک کا طریقہ کار ہے۔

مشترکہ حکمت عملی سے عوام کے حقوق کا تحفظ کرینگے۔عدم اعتماد ہو یا بجٹ نے پاکستانی عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔بجٹ کے بعد بیروزگاری کا نیا طوفان آنے والا ہے ۔تین برس بعد سرکاری ملازمین کو صرف دس فیصد اضافہ ملا ہے۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو عوام کی توانا آواز ہے۔بجٹ کو مسترد کرنے کیلئے اپوزیشن متحد ہے ۔انتخابی اصلاحات پر پارلیمان کے اندر اور باہر حکومتی رویہ غیر سنجیدہ ہے۔

انہوں نے پارلیمانی روایات کے بر عکس بات کی ہے۔انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت عوام کی خدمت کر رہی ہے، موجودہ حکومت میں ہم نے ضمنی الیکشن جیتے ہیں۔تعلیم اور صحت میں سندھ آگے ہے۔1991کے سمجھوتے کے تحت سندھ پانی کا حصہ مانگ رہا ہے۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمان کی عزت کیلئے جدوجہد کی ہے۔عدم اعتماد جمہوری عمل ہے،کسی طبقے نے بجٹ کو نہیں سراہا۔

انہوںنے کہاکہ کلبھوشن کیلئے قانون سازی کیلئے اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی،ہماری اس قانون میں ہماری کوئی ان پٹ نہیں۔پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی اور دیگر ارکان پنجاب بجٹ میں اپنا کردار ادا کرینگے۔پیپلز پارٹی کا بیانیہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی میں کامیاب ہوا تھا۔ہمارا خیال تھا کہ عدم اعتماد لانا چاہیے تھا جبکہ دوسرے دوست استعفے دینا چاہتے تھے۔