کشمیر کا الیکشن موجودہ حکومت کی ناکام پالیسوں کے خلاف ریفرنڈم ہے‘احسن اقبال

نااہل نالائق حکومت سے عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے تمام ضمنی الیکشنز میں عبرت ناک شکست دی ہے

اتوار 13 جون 2021 21:00

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کا الیکشن موجودہ حکومت کی ناکام پالیسوں کے خلاف ریفرنڈم ہے، تین دن پہلے انہوں نے اسمبلی کو بلڈوز کرکے تمام قوائد و ضوابط کو ایک طرف کرکے اپنے دشمن ملک کے جاسوس کو این آر او دینے کے لئے زبردستی قانون پاس کروایا پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے اپنے دشمن کے جاسوس کے لئے قانون سازی کی۔

آزاد جموں کشمیر الیکشن کمپین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس سے دنیا کہ نظر میں ہمارا ملک کمزور ہوا ہے اور اگر25 جولائی کو ہونے والے کشمیر کے الیکشن میں حکومتی نمائندہ کامیاب ہوتا ہے تو بھارت جو کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے بچوں کو دور جیلوں میں ڈال رہا ہے ہم ان کو کہا منہ دکھائیں گے ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نااہل نالائق حکومت سے عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے تمام ضمنی الیکشنز میں عبرت ناک شکست دی ہے، چاہے کراچی ہو خوشاب ہو یا ڈسکہ ہو وہاں ان کو دو بار شکست کھانا پڑھی،عمران نیازی کہتا تھا کہ مودی کو ووٹ دیں، جس کے نتیجے میں عمران نیازی نے کشمیر کا سودا کیا، کشمیری عوام کرفیو اور بربریت سے دوچار ہے مگر یہ نالائق نیازی سلامتی کونسل میں قرارداد تک پیش نہ کر سکا، عمران نیازی حکومت نے کشمیر موقف کو عالمی سطح پر کمزور کر دیا،بھارت کی جرات نہ ہوئی 70 سالوں میں مگر نیازی حکومت میں مودی نے کشمیر پر قبضہ کر لیا، عمران نیازی نے کشمیر کی آزادی کے لیے تو کوئی پالیسی وضع نہیں کی مگر کلبوشن یادیو کے لیے اجلاس طلب کر لیا اور قانون پاس کروایا۔

انہوںنے کہاکہ مزید کہا کہ میں غیور کشمیری عوام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ اپنا ووٹ مسلم لیگ ن کو دیں جس نے کل بھی کشیمر کی آواز بلند کی اور آج بھی کر رہی ہے، کشمیری عوام کشمیر کے سودبازوں کو عبرت ناک شکست دیں احسن اقبال نے کہا کہ ملک مہنگائی کا طوفان کھڑا ہے مرغی کا گوشت 5 سو روپے۔ سوا 3 سو روپے پکانے کا تیل۔ اور دالیں ڈھائی سو روپے کلو ہو گئی ہیں اور غریب بندہ ایک وقت کی روٹی کے لئے ترس رہا ہے انہوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔