ریگی ماڈل ٹاؤن کے مزید 8 مالکان کو پلاٹ کا قبضہ حاصل، مزید 23 پلاٹ تیار ہیں، تیمور جھگڑا

جمعہ کو خیبرپختونخوا کا تاریخی بجٹ دیں گے، تنخواہوں سے متعلق وزیراعلیٰ کے اعلان پر مکمل عملدرآمد ہو گا، وزیرِ صحت و خزانہ

اتوار 13 جون 2021 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) ریگی ماڈل ٹاون کے زون ون کے مزید 8 مالکان کو پلاٹ کا قبضہ حاصل ہو گیا ہے جبکہ اس زون میں مزید 23 پلاٹس الاٹیز کے قبضے میں دینے کے لیے تیار ہیں۔ رواں ہفتے خیبر پختونخوا کا تاریخی بجٹ پیش کریں گے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق وزیر اعلیٰ کے اعلان پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔ وفاقی حکومت نے بہترین بجٹ دیا جس کے بعد اپوزیشن کے پاس تنقید کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ریگی ماڈل ٹاون میں الاٹیز کو پلاٹ کے قبضہ کے کاغذات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریگی ماڈل ٹائون کے زون کے سیکٹر سی اور ڈی کے 8 الاٹیز کو پلاٹ کے کاغذات دے دئیے گئے جبکہ مزید 23 پلاٹس مالکان کو دینے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ریگی ماڈل ٹائون کے زون ون میں کل 1930 پلاٹس موجود ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی ارباب شیر علی، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمارہ خان، علاقے کے معززین، ریگی ماڈل ٹائون کے رہائشیوں اور دیگر حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن کے عشروں سے چلے آرہے مسائل حل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت دیگر مسائل کے علاوہ ان پیچیدہ مسائل کے حل پر بھی کام کر رہی ہے۔

آر ایم ٹی میں بجلی اور گیس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جبکہ یہاں کے شہریوں کے لیے جلد بی آر ٹی کے فیڈر روٹ کا آغاز کریں گے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ جمعہ کے دن خیبرپختونخوا کا تاریخی بجٹ دے رہے ہیں جس سے صوبے میں مزید خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ رواں سال صوبائی حکومت نے ریکارڈ 50 ارب سے زائد صوبائی ریونیو جمع کیا ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق وزیراعلیٰ کے اعلان پر مکمل عملدرآمد ہو گا۔

گزشتہ سال مشکل حالات کے باعث تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر سکے تھے تاہم اب اچھا اضافہ کریں گے تاکہ ملازمین کے حالات بھی اچھے ہوں اور وہ بہترین خدمات سر انجام دیں سکیں۔ انہوں نے کہا رواں مالی سال کے دوران ضم اضلاع میں تعمیر و ترقی پر ریکارڈ بجٹ خرچ کیا اور ان علاقوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے صوبائی حکومت آئندہ بھی پہلے سے بہتر اقدامات اٹھائے گی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین بجٹ دیا ہے جو کہ متوازن اور عوام دوست بجٹ ہے۔ اپوزیشن کو بجٹ پر تنقید کے لیے کچھ نہیں ملا تو یہ کہنا شروع کردیا کہ اس سے آئی ایم ایف ناراض ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ٹیکس بڑھانے کی بجائے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ کیا جائے۔