کفایت شعاری کی پالیسی،وزیراعظم آفس اور ہاؤس کے اخراجات میں 108 کروڑ روپے کی بچت

وزیراعظم آفس کے اخراجات میں پہلے سال28فیصدکمی کی گئی، دوسرےسال 21فیصد اور تیسرےمالی سال میں 29فیصدکمی کی گئی، وفاقی وزیر مراد سعید

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 13 جون 2021 21:27

کفایت شعاری کی پالیسی،وزیراعظم آفس اور ہاؤس کے اخراجات میں 108 کروڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ، اخبار تازہ ترین، 13جون2021) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملک میں کفایت شعاری کی روایت برقرار، 3 سال میں وزیراعظم آفس اور ہاؤس کے اخراجات میں 108 کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمرادسعید نے اخراجات کے تازہ اعدادوشمارجاری کردیے۔ وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس کے اخراجات میں پہلے سال28فیصدکمی کی گئی، دوسرےسال 21فیصد اور تیسرےمالی سال میں 29فیصدکمی کی گئی، وزیراعظم آفس کے مختص بجٹ اور اخراجات میں 518ملین کی بچت کی گئی۔

مرادسعید نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے مختص بجٹ اور اخراجات میں 565 ملین روپے کی بچت ہوئی، وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں پہلے سال 28فیصدکمی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ دوسرےسال 38اور تیسرے سال 41فیصداخراجات میں کمی کی گئی، وزیراعظم نے 3 سال میں صوابدیدی فنڈسے1روپےکااستعمال نہ کیا، وزیراعظم کاکوئی کیمپ آفس نہ ہونےسےکیمپ آفس اخراجات صفر ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس کے اخراجات میں کروڑوں کی کمی مثالی اقدام ہے، سابق سربراہان نےوزیراعظم آفس کےصوابدیدی فنڈزکوبہایا، صرف گفٹس،ٹپس،تحائف میں کروڑوں روپےلٹائے گئے۔مرادسعید نے اعداد وشمار میں مزید کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار سنبھالتے ہی صوابدیدی اختیارات ختم کر دیے، عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا، سرکاری عیاشیوں کے لیے نہیں، کیمپ آفسز، سیکیورٹی اور غیرملکی دوروں کے نام پر لوٹنے کی روایت ختم کردی۔

دوسری جانب یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئے بجٹ میں وزیراعظم ہاؤس (internal) اور وزیراعظم سیکریٹریٹ (پبلک) کے اخراجات میں 18 کروڑ 40 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق اگلے بجٹ میں وزیر اعظم آفس (انٹرنل) کے اخراجات میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے اضافہ جبکہ وزیراعظم آفس (پبلک) کے لیے 17 کروڑ 20 لاکھ روپے اضافہ کیا جارہا ہے تاہم حتمی فیصلہ پارلیمنٹ سے بجٹ کی منظوری کی صورت ہوگا۔بجٹ دستاویز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس (وزیراعظم آفس انٹرنل) کے لیے آئندہ مالی سال 2021-22ء میں مجموعی طور پر اخراجات کا تخمینہ 40 کروڑ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال 2020-21ء کے دوران یہ اخراجات 38 کروڑ 90 لاکھ روپے ہیں۔