بجٹ میں سب کے لیے خوشخبریاں ہیں

پنجاب کا بجٹ تاریخ ساز ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 جون 2021 10:11

بجٹ میں سب کے لیے خوشخبریاں ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2021ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں سب کے لیے خوشخبریاں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رواں برس ہم ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ کورونا کی تیسری لہر کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی، اتحادی جماعت سے بہترین تعلقات ہیں، بجٹ آسانی سے پاس ہو گا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت اپنا تیسرا بجٹ آج پنجاب اسمبلی میں پیش کرے گی ۔ پنجاب کے بجٹ کا کل حجم 26 کھرب 53 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں دس فیصد ہو گا ۔ حکومتی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں 360 ارب کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے بجٹ میں لاہور کے حکومتی اراکین اسمبلی کو بجٹ میں 10 ارب روپے کے فنڈ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔شہر میں پانی کے اضافی بل کی وصولی کے لیے واٹر میٹر کے منصوبے پر بھی دس ارب مختص کرنے کی تجویز ہے۔ جبکہ حکومت نے ذرائع آمدن بڑھانے کے لیے اپنے ٹیکس اہداف میں 21 فیصد کا مزید اضافہ کردیا ۔