جی سیون دنیا بھرمیں کووِڈویکسین کی ایک ارب خوراکیں مہیا کرے گا،اعلامیہ

نجی شعبے، جی 20 اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اس ضمن میں تعاون میں اضافہ کیا جائے گا،بیان

پیر 14 جون 2021 11:25

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک پرمشتمل گروپ آیندہ ایک سال کے دوران دنیا کو کووِڈ19 ویکسین کی ایک ارب خوراکیں مہیاکرے گا۔اس کے علاوہ وہ نجی شعبے، جی 20 اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر آیندہ مہینوں میں کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں مالی تعاون میں اضافہ کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جی سیون نے برطانیہ کے جنوب مغربی شہر کارنوال کے نواح میں اپنے سربراہ اجلاس کے بعد تیارکردہ اعلامیے میں کہا کہ ہم نجی شعبے، جی 20 اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے اورآیندہ مہینوں میں اس ضمن میں تعاون میں اضافہ کیا جائے گا،ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ اس اعلامیے پربعض اختلافات پائے جاتے ہیں اور حتمی مسودے میں انھیں دور کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سفارتی ذرائع کے مطابق جاپان نے چین کے بارے میں سخت مقف اختیار کرنے پر زور دیا تھا۔جی 7نے غیر حتمی مسودے میں کہاکہ کرونا وائرس ویکسین کی اب تک کم سے کم 70 کروڑ خوراکیں برآمد کی جاچکی ہیں یا رواں سال برآمد کی جائیں گی۔ان میں سے کم سے کم 50 فی صد خوراکیں غیر جی 7 ممالک کو بھیجی جا چکی ہیں اور ان ہی میں عطیات کی شکل میں دی جانے والی خوراکیں بھی شامل ہیں۔

جی 7 ممالک نے غیرمنافع بخش بنیاد پر کوویکس کو بھی کرونا وائرس کی ویکسین مہیا کی ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)اور گلوبل الائنس فار ویکسین اینڈ ایمونائزیشن (گاوی)کی حمایت سے کوویکس کی سہولت کا مقصد 2021 کے آخر تک کم آمدنی والے ممالک کوویکسین کی دوارب خوراکیں مہیا کرنا ہے۔اعلامیے میں کووِڈ19کے علاج، جانچ اور صحتِ عامہ کے نظام کے ساتھ ساتھ ویکسین کی تیاری کا نظام مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اے سی ٹی ایکسلریٹر شراکت داری کا مقصد ویکسین کے ڈیزائن، پیداوار اور تقسیم کے نظام کو مربوط بنانا تھا۔گروپ نے اے سی ٹی اے مینڈیٹ کو 2022 تک توسیع دینے کے حوالے سے بات چیت کی حمایت کا اظہار کیا ۔