عوام دشمنی کی بنیاد پر بنائے گئے سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں‘ بلاول بھٹو

بلاواسطہ ٹیکس کے بجائے اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس لگانے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے‘چیئرمین پیپلزپارٹی

پیر 14 جون 2021 11:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نآئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کرکے عمران خان کو دیا جسے کسی بھی غور کے بغیر جوں کا توں پیش کردیا گیا، عوام دشمنی کی بنیاد پر بنائے گئے سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بلاواسطہ ٹیکس کے بجائے اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس لگانے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے، عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگادیا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے، پیٹرول پر 20 روپے فی لیٹر اور چینی پر 7روپے فی کلو کا اضافہ بالواسطہ ٹیکس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب کمپنیاں خام تیل اور ایل این جی پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دیں گی تو پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی اور اس بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ عوام بھگتیں گے، کرونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام نے آن لائن خریداری شروع کی تو عمران خان نے اس پر بھی سیلزٹیکس لگادیا، عام آدمی آخر جائے تو کہاں جائے،یہ المیہ نہیں تو کیا ہے کہ وطن سے دور پاکستانی روزگار سے محروم پاکستانیوں کو ملکی برآمد سے زیادہ ترسیلاتِ زر بھیج رہے ہیں۔