سعودی عرب میں حجاج اور عمرہ زائرین کے لیے شاندار بس سروس شروع ہو گئی

حجاج کے لیے 4 سو جدید ترین بسیں درآمد کی جائیں گی، بسوں میں وائی فائی، آگ بجھانے کا جدید ترین نظام اور خصوصی کیمرے بھی نصب ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 جون 2021 11:28

سعودی عرب میں حجاج اور عمرہ زائرین کے لیے شاندار بس سروس شروع ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جون2021ء) سعودی عرب میں ہر سال ایک کروڑ سے زائد افراد عمرہ اور حج کی خاطر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا رُخ کرتے ہیں۔ اللہ کے گھر آنے والے ان مہمانوں کو سہولت دینے کے لیے سعودی حکومت نے ایک انتہائی شاندار پبلک بس منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق مکہ ریجن کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے مکہ پروجیکٹ کے تحت نئے پبلک بس منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔

پبلک بس منصوبہ مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ منصوبے کا مقصد مکہ کے مرکزی علاقے تک آمد ورفت کو آسان بناتے ہوئے بہترین اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بس منصوبہ دو مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پہلا مرحلہ 12 روٹس اور 83 سٹیشنز پر مشتمل ہوگا جس میں درمیانے حجم کی بسیں استعمال کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں استعمال ہونے والی بسیں مخصوص روٹ پر چلیں گی جن کی مسافت 172 کلو میٹر ہو گی جبکہ اس کے سٹیشنز کی تعداد 342 ہو گی۔

(جاری ہے)

بس منصوبے کے تحت 400 جدید ترین بسیں درآمد کی جائیں گی جن میں سے 240 بسیں 12 میٹر کی ہوں گی۔ ہر بس میں 85 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ دوسرا مرحلہ جس میں 18 میٹر کی بسیں شامل ہیں جن میں 125 افراد کی گنجائش ہو گی۔بسوں کو ماحول دوست بنایا گیا ہے جن سے کاربن کا اخراج کم سے کم ہو گا جس سے ماحول کے متاثرہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔

نئی بسوں میں انٹرنیٹ (وائی فائی) کی سہولت کے لیے آگ بجھانے کا جدید ترین نظام نصب کیا گیا ہے جبکہ بس کے اندر اور باہر نگرانی کے لیے خصوصی کیمرے نصب ہیں۔حادثات سے بچاوٴ کے لیے الیکٹرانک سسٹم بس میں نصب کیا گیا ہے جبکہ مخصوص افراد کی سہولت کے لیے ہائیڈرالک سسٹم بھی بس میں نصب کیا گیا ہے۔ مسافروں کی معلومات کے لیے بس میں ڈیجیٹل سکرینز لگائی گئی ہیں۔

بس ایک دن میں مسلسل 22 گھنٹے کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بس منصوبے سے جہاں عازمین حج کو فائدہ ہو گا وہاں مکہ مکرمہ میں رہنے والے بھی اس سروس سے فائدہ اٹھائیں گے۔منصوبہ مکمل ہونے کے بعد حج سیزن کے علاوہ عام دنوں میں عوامی ٹرانسپورٹ سے لوگوں کو مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں سے حرم مکی آنے اور واپس جانے میں کافی سہولت ہوگی جس سے سڑکوں پر ہونے والے رش سے بھی نجات ملے گی۔