ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیدار فیکٹری ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں زخمی

ڈھاکا پریمیئر لیگ کے عہدیداروں کے زخمی ہونے کے باعث میچ آدھا گھنٹا تاخیر سے شروع کیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 جون 2021 12:08

ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیدار فیکٹری ملازمین اور پولیس کے درمیان ..
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جون 2021ء ) بنگلادیش میں فیکٹری ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیدار بھی زخمی ہوگئے۔ ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ آفیشلز میچ کروانے کے لیے بنگلادیش کے نیشنل سپورٹس انسٹیٹیوٹ کی جانب جارہے تھے جہاں ایونٹ کے دو میچز شیڈول تھے تاہم انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹس فیکٹری کے ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث بدترین ٹریفک جام تھا جس میں یہ عہدیدار بھی پھنس گئے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کے مطابق چند شرپسند عناصر نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے عہدیداروں کی گاڑی پر بھی حملہ کردیا جس سے ان کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی تاہم گاڑی کے اندر موجود میچ آفیشلز پولیس اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی آفیشلز کی مدد سے وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق تصادم کے دوران ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیداروں کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم وہ پولیس اہلکاروں کی مدد سے نیشنل سپورٹ انسٹیٹوٹ آف بنگلادیش پہنچنے میں کامیاب رہے لیکن میچ آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔

واضح رہے گزشتہ روز ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ میں بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے امپائر سے بدتمیزی کی تھی اور وکٹوں کو لات بھی ماری تھی جس کی وجہ سے ان پر 3 میچوں کی پابندی اور 5 لاکھ بنگلہ دیشی ٹکا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔