’ہوم ورک مکمل کرلیا، بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے‘ پیپلزپارٹی کا اعلان

اگر حکومت نے غلط گنتی کی تو رد عمل سڑکوں پر ہوگا۔ رہنماء پی پی پی نبیل گبول کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جون 2021 12:39

’ہوم ورک مکمل کرلیا، بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے‘ پیپلزپارٹی کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 جون 2021ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء نبیل گبول نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے ہم نے تمام ہوم ورک مکمل کرلیا ہے کیوں کہ ہم کسی صورت بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اپوزيشن کی صحيح گنتی ہوئی تو بجٹ پاس نہيں ہوسکتا اور اگر حکومت کی طرف سے بجٹ پاس کروانے کے لیے غلط گنتی کی گئی تو اس کا رد عمل سڑکوں پر ہوگا۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی اپوزیشن کی حکمت عملی ناکام ہوتی دکھائی دینے لگی ، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی، جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد، غضنفر عباس ، اظہر عباس چانڈیا ، سید عباس علی شاہ، طاہربشیر چیمہ، یونس انصاری اور مسعود مجید شامل تھے ، ملاقات میں اراکین اسمبلی نے شانداراقدامات تجویز کرنے پر وزیراعلیٰ کے ویژن کو سراہا ، اراکین نے سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں ، جس کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا جا رہا ہے، تعلیم، صحت، زراعت، انفراسٹرکچر کے لئے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں گے اور ہرضلع کے لیے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے، کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کاجوحشرہواہےوہ سبق آموزبھی ہے، اپوزیشن کی جانب سے قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش ناکام رہی، کیوں کہ عوام باشعورہیں ، اس لیے کرپٹ عناصرکے جھانسے میں نہیں آئیں گے ، سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست ہمیشہ کےلئے دفن ہوچکی، پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے، مستردشدہ عناصرکی انتشارکی سیاست کوعوام نے ردکردی، اب افراتفری نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی سیاست چلےگی، نئےپاکستان میں کرپشن اورکرپٹ عناصرکی کوئی گنجائش نہیں، تنقید کی پرواہ کیےبغیرعوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کریں گے۔