بھارت کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے‘ تحریک وحدت اسلامی

بھارت نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے ظلم وتشدد کا ہر ظالمانہ ہتھکنڈہ آزمایا لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میںناکام رہا

پیر 14 جون 2021 12:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ بدمست بھارتی فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں سوپور میں اندھادھند فائرنگ کے ذریعے دو بیگناہ کشمیریوں کا سفاکانہ قتل عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںسوپور میں فوجیوں کے ہاتھوںدو بے گناہ کشمیریوںکے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جنگی جرائم کاسخت نوٹس لینے کی اپیل کی۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے ظلم وتشدد کا ہر ظالمانہ ہتھکنڈہ آزمایا لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میںناکام رہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں کی چیرہ دستیوں سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط اورمستحکم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوپور میں نوجوانوںکی شہادت پر زبردست بھارت مخالف مظاہروںمیں بڑی تعداد میں کشمیریوںکی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت اپنے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوںکے باوجود ناکام ہوچکا ہے اور وہ کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے جبکہ دوسری طرف اس نے مقبوضہ علاقے پر اپنے جبری تسلط کو طول دینے کیلئے نوآبادیاتی اقدامات کا سلسلہ بھی تیز کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے تمام بنیادی انسانی حقوق سلب کرلیے گئے ہیں حتی کہ انکا حق زندگی بھی ان سے چھین لیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کو درپیش یہ سنگین صورتحال اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔