پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس ، ن لیگ کی احتجاجی حکمت عملی منظر عام پر آگئی

مسلم لیگ ن بجٹ اجلاس کے موقع پر آٹے کے تھیلے، گھی کے ڈبے اور بینرز ہمراہ لائے گی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جون 2021 13:36

پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس ، ن لیگ کی احتجاجی حکمت عملی منظر عام پر آگئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 جون 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر احتجاج کی حکمت عملی طے کرلی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل 11 کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں اور بجٹ اجلاس کے موقع پر احتجاجی حکمت کے مطابق ن لیگ بجٹ اجلاس کے موقع پر آٹے کے تھیلے ، گھی کے ڈبے اور بینرز ہمراہ لائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ، مذکورہ اجلاس کی صدارت پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کریں گے۔ دوسری جانب صوبہ پنجاب کے بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی اپوزیشن کی حکمت عملی ناکام ہوتی دکھائی دینے لگی ، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ، جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد، غضنفر عباس ، اظہر عباس چانڈیا ، سید عباس علی شاہ، طاہربشیر چیمہ، یونس انصاری اور مسعود مجید شامل تھے ، ملاقات میں اراکین اسمبلی نے شانداراقدامات تجویز کرنے پر وزیراعلیٰ کے ویژن کو سراہا ، اراکین نے سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں ، جس کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا جا رہا ہے، تعلیم، صحت، زراعت، انفراسٹرکچر کے لئے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں گے اور ہرضلع کے لیے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے، کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کاجوحشرہواہےوہ سبق آموزبھی ہے، اپوزیشن کی جانب سے قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش ناکام رہی، کیوں کہ عوام باشعورہیں ، اس لیے کرپٹ عناصرکے جھانسے میں نہیں آئیں گے ، سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست ہمیشہ کےلئے دفن ہوچکی، پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے، مستردشدہ عناصرکی انتشارکی سیاست کوعوام نے ردکردی، اب افراتفری نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی سیاست چلےگی، نئےپاکستان میں کرپشن اورکرپٹ عناصرکی کوئی گنجائش نہیں، تنقید کی پرواہ کیےبغیرعوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کریں گے۔