ترشادہ باغات کی پیداوارمیں اضافے کےلئے موثر نظام آبپاشی سے استفادہ کی ہدایت

پیر 14 جون 2021 14:11

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2021ء) ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصوراحمدنویدامجد نے کہا کہ پاکستان میں ترشادہ پھلوں کے باغات کا رقبہ 5لاکھ ایکڑ سے تجاوز کرگیاہے اور اوسطاً پیداوار45ٹن فی ایکڑ تک پہنچ گئی ہے ،  باغبانوں کو ترشادہ باغات کی پیداوارمیں اضافے کےلئے موثر نظام آبپاشی سے استفادہ کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے ”اے پی پی“کوبتایا کہ ترشادہ پھلوں کی خاطرخواہ نشوونما میں پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پودوں میں خوراک جڑوں سے پتوں اور دیگرحصوں تک پانی کے ذریعے ہی رسائی پاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پانی پودوں میں ضیائی تالیف کا لازمی جزو ہونے کے علاوہ عمل تبخیرسے پودوں کو برے اثرات سے محفوظ رکھتاہے اسلئے باغات ایسے علاقوں میں لگائے جائیں جہاں پانی وافر مقدارمیں میسر ہوتاہم ترشادہ باغات کی کاشت کے لئے پانی کی مقدار اوروقفہ موسمی حالات، کاشتہ امور،  زمین کی خاصیت، پھل کی قسم اورعمرکے علاوہ پتوں کی سطح جیسے عوامل پر منحصرہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم گرماکے دوران ماہ جون سے اگست تک پھلدارپودوں کو 10سے 15دن کے وقفہ سے پانی دیناضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں مزیدراہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :