دورہ انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز،قومی سکواڈ کے ارکان 20 جون کو لاہور میں بائیوسیکیورببل جوائن کرینگے

قومی سکواڈ 25 جون کو لاہور سے براستہ یو اے ای انگلینڈ روانہ ہوگا، پی ایس ایل6کھیلنےوالے ارکان یو اے ای سے سکواڈ جوائن کرینگے،قومی ٹیم انگلینڈ میں 3روزہ روم آئسولیشن میں رہے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 جون 2021 14:21

دورہ انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز،قومی سکواڈ کے ارکان 20 جون کو لاہور میں بائیوسیکیورببل ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جون 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز روانگی کی تفصیلات سامنے آگئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لئے منتخب کئے جانے والے قومی سکواڈ کے ارکان کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 16 جون کو ان کے گھروں میں ہوگی، ہوٹل پہنچنے پر ان تمام ارکان کی دوسری کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق قومی سکواڈ کے ارکان 20 جون کو لاہور میں بائیوسیکیورببل جوائن کرینگے، تیسری کووڈ 19 ٹیسٹنگ 23 جون کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوگی، تمام ارکان 25 جون تک لاہور کے مقامی ہوٹل میں آئسولیشن میں رہیں گے۔ قومی سکواڈ 25 جون کو لاہور سے براستہ یو اے ای انگلینڈ روانہ ہوگا، پی ایس ایل 6 میں شرکت کرنیوالے ارکان یو اے ای سے سکواڈ جوائن کرینگے، قومی سکواڈ لاہور سے براستہ یو اے ای چارٹرڈ طیارے پر انگلینڈ پہنچے گا، انگلینڈ پہنچنے پر ٹیم 3 دن روم آئسولیشن میں رہے گی۔

(جاری ہے)

روم آئسولیشن مکمل ہونے کے بعد اگلے 7 روز قومی کرکٹرز ڈربی کی آئسولیشن میں ٹریننگ کریں گے، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز 8 جولائی سے ہوگا، انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد قومی کھلاڑی 15 جولائی کو وطن واپس آئینگے۔ پریس ریلیز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی جبکہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 26 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچیں گے، ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کےبعد قومی ٹی 20 کرکٹرز وطن لوٹیں گے، قومی ٹیسٹ سکواڈ ویسٹ انڈیز کےدورےکے بعد 25 اگست کو وطن واپس آئے گا۔