قانون ساز اسمبلی کے انتخابات‘ ریٹرننگ افسران، مجسٹریٹ صاحبان، پولیس اور محکمہ تعلیم کے افسران کا مشاورتی اجلاس

انتخابات کوصاف شفاف اور غیرجانبداربنانے کے لیے جملہ متعلقہ ادارے قومی ذمہ داری سمجھ کراپنااپنا بھرپوررول اداکریں‘ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور

پیر 14 جون 2021 14:50

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد و انتظامات کے حوالے سے ریٹرننگ افسران، مجسٹریٹ صاحبان، پولیس اور محکمہ تعلیم کے افسران کا مشاورتی اجلاس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر /ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ فیصل مجید کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میںڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور/ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ فیصل مجید ،ایڈیشنل سیشن جج و ریٹرننگ آفیسرحلقہLA-1 ڈڈیال راجہ شمریز خان ، ریٹرننگ آفیسر حلقہ LA-4 کھڑی شریف فاروق رشید ، ریٹرننگ آفیسرحلقہ LA-3 میرپور شہرجہانگیر احمد خان ، ریٹرننگ آفیسرحلقہ LA -2 چکسواری عبدالغفور ،ڈپٹی کمشنر بدر منیر ، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم ، رجسٹرار مسٹ ڈاکٹر صداقت حسین ڈار ،ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر نذر حسین ، ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز محترمہ آنسہ کوثر ،اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد قریشی ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفسران تحصیلدار سید کلیم عباس ، تحصیلدار تنویرالاسلام ، تحصیلدار غلام محی الدین، ڈی ای او راجہ بشارت اقبال ، ڈپٹی ڈی ای او صباء اویس ، انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2021 کو صاف شفاف غیرجانبدارانہ بنانے اورسکیورٹی کے جملہ انتظامات سمیت دیگرامورپر متعلقہ اداروں سے مشاورت کی گئی۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور /ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ فیصل مجید نے کہاکہ آزادجموںوکشمیرقانون سازاسمبلی کے انتخابات کوصاف شفاف اور غیرجانبداربنانے کے لیے جملہ متعلقہ ادارے قومی ذمہ داری سمجھ کراپنااپنا بھرپوررول اداکریںاور متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی اشتراک کو مضبوط بنایاجائے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے۔امن و امان کے قیام کے لئے پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔الیکشن عملہ کی تعیناتی کے لیے ضلع میرپورکے محکمہ تعلیم سمیت دیگر تمام سرکاری جریدہ و غیر جریدہ ملازمین کی فہرستیں مہیا کی جائیںتاکہ انتخابات میں ڈیوٹی دینے والے جملہ ملازمین کی ٹریننگ کاانعقاد کیاجاسکے۔

اس طرح پولنگ سکیم مرتب کرنے کے حوالے سے ہرحلقہ میں سرکاری عمارات کی نشاندھی کی جائے تاکہ ووٹرز کی تعداد کومدنظررکھتے ہوئے ضابطہ کے مطابق پولنگ اسٹیشن ترتیب دیئے جائیں۔ اجلاس میںڈپٹی کمشنربدرمنیراور ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم نے بتایاکہ آزادجموںوکشمیر قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے شیڈول اور ضابطہ اخلاق کے بعد انتظامیہ اور پولیس عملدرآمدکروارہی ہے۔

اس سلسلہ میں بڑے بڑے ہولڈنگ بورڈزاور ضابطہ کے خلاف بینر،پوسٹر، پینافلیکس اتروادیئے ہیںجبکہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے علاوہ جملہ سربراہان محکمہ جات کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد ہورہے ہیںجس میں ضابطہ اخلاق کی پابندی، سکیورٹی سمیت جملہ انتظامات کوفول پروف بنانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔