پٹرولیم لیوی میں اضافہ پر پٹرولیم مصنوعات پر تمام ٹیکسز کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے ‘راجہ عدیل

پٹرولیم لیوی سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا‘صدر آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور

پیر 14 جون 2021 16:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) تاجر رہنما ،آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور کے صدرراجہ عدیل نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرولیم لیوی میں مشروط اضافہ کو منی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی میں اضافہ پر پٹرولیم مصنوعات پر دیگر تمام ٹیکسز کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے کیونکہ پٹرولیم لیوی میں اضافہ سے پٹرول کی قیمتیں بڑھیں گی اور ٹرانسپورٹیشن اخراجات بڑھنے سے اس کا صنعتی شعبہ پر بوجھ پڑے گا ۔

ان خیالات کا انہوںنے آئرن و سٹیل مارکیٹ لاہور کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیے تھے۔ پٹرولیم لیوی سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا رہے گا جس کا بوجھ عوام و انڈسٹریز پر پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کہ بجلی مہنگی ہونی سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی ہونے کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی میں کمی اورصنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہر ماہ بجلی مہنگی کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔