مقبوضہ جموں وکشمیر :شہدائے سوپور کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی

پیر 14 جون 2021 16:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں و کشمیر مسلم خواتین مرکز اورپولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کا ایک وفدہفتہ کے روز سوپور میں بھارتی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے سوپورگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ اورپولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے رہنما ، احمد بشیر شہید منظور احمد شالہ اور شہیدبشیر احمد کے اہلخانہ سے یکجہتی کے اظہار کیلئے سوپور قصبے میں انکے گھر گئے ۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکو اندھادھند فائرنگ ، جعلی مقابلوں اور حراست کے دوران شہید کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دونوں کشمیریوں کو بھارتی پولیس نے انکی دکانوں سے حراست میں لینے کے بعد سوپور چوک کے قریب واقع سی آر پی ایف کیمپ کے باہر انہیں گولیاں مار کر شہید کردیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ دونوں کشمیریوں کے قاتلوں کی گرفتاریوں اور انہیں قرارواقعی سزا دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں شہید کشمیریوں نے جدوجہد آزادی کے مقدس مقصد کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ ہفتہ کے روز سوپور قصبے کے علاقے آرام پورہ میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے تین کشمیریوںکو شہید کردیا تھا ۔کشمیریوںکی شہادت پر علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے تھے ۔

کشمیرمیڈیاسروس سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ دونوں کشمیریوںکو بھارتی پولیس اہلکاروںنے زبردستی حراست میں لینے کے بعد گولیاں مار کر شہید کردیاہے جوکہ ایک گھنائونا جرم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔