حریت فورم کی سوپور میں معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت، سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی

پیر 14 جون 2021 16:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے  سوپور میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے سوگوارخاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فوج کے مظالم سے کشمیریوں کے عزم کو توڑا نہیں جا سکتا۔

  بیان میں کہاگیاہے کہ کشمیریوں نے اپنے حقوق کے حصول اورتنازعہ کشمیرکو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں اورآج بھی دے رہے ہیں۔ بیان میں کہاگیاکہ بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی سے خطے کے امن کے لئے مزید خطرات اور تنازعہ کشمیر کے حل میں مشکلات پیداہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیاکہ آبادی کے تناسب میں تبدیلی سے جموںوکشمیر کی متنازعہ نوعیت تبدیل نہیں کی جاسکتی اور یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔

بیان میں کہاگیاکہ بھارتی جیلوں میں نظربند حریت قیادت اور دیگرکشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔بیان میں انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیاگیاہے۔بیان میں کہاگیاکہ ہم روز کشمیریوں کو درپیش مشکلات کا مشاہدہ کرتے ہیں جن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیاہے جو5 اگست 2019 ء سے مسلسل اپنے گھرمیں نظربند ہیں ۔بیان میں کہاگیاکہ خطے میں امن کے لئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔