کالعدم تحریک لبیک پر آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لینے پر بھی پابندی لگادی گئی

کالعدم تنظیم پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ 201 کے تحت لگائی گئی ، جس کے بعد تحریک لبیک کو کسی بھی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ آزاد کشمیر

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جون 2021 18:56

کالعدم تحریک لبیک پر آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لینے پر  بھی پابندی ..
مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 جون 2021ء ) کالعدم تحریک لبیک پر آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے عائد کی گئی ہے ، جس کے تحت کالعدم ٹی ایل پی آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ نہیں لے سکے گی۔ بتایاگیا ہے کہ کالعدم تنظیم پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ 201 کے تحت لگائی گئی ہے، جس کے بعد تحریک لبیک کو کسی بھی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے اپریل میں پاکستان بھر میں اس تنظیم کے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی تھی ، مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پُرتشدد مظاہروں اور احتجاج کے بعد حکومت پاکستان نے اپریل میں تنظیم کو کالعدم قرار دیتے ہونئے اس پر 1997ء کے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک لبیک کے خلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی ، کارروائی تب کی گئی جب انہوں نے ریاست کی رٹ کوچیلنج کیا ، ملکیوں اور غیر ملکیوں کو ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں ، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ، اسی لیے تحریک لبیک کے خلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی ، کیوں کہ تحریک لبیک کے لوگوں نے سڑکوں پرتشدد مظاہرے کیے ، تحریک لبیک کے لوگوں نے عوام اور قانون نافذ کرنے والوں پرحملہ کیا ، اس لیے کارروائی تب کی گئی جب انہوں نے ریاست کی رٹ کوچیلنج کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک انتہا پسند جو اسلامو فوبیا اور نسل پرستانہ سلوک میں ملوث ہیں اور دنیا بھر میں 1.3 بلین مسلمانوں کو تکلیف پہنچاتے ہیں ، ان کے لئے میرا پیغام ہے کہ ہم مسلمانوں کو اپنے پیارے نبی ﷺ کے ساتھ سب سے زیادہ پیار اور احترام ہے ، جو ہمارے دلوں میں بستے ہیں اس لیے ہم اس طرح کی بے عزتی اور زیادتی برداشت نہیں کرسکتے ہیں ، مغرب کے باشندے اور انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان ، جو آزادی اظہار کی آڑ میں جان بوجھ کر اس طرح کی زیادتیوں اور منافرتوں میں ملوث ہیں ، ان میں اخلاقی احساس اور جرات کا فقدان ہے کہ اس دل آزاری کی وجہ سے 1.3 بلین مسلمانوں سے معافی مانگیں ، ہم ان انتہا پسندوں سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں، مغربی حکومتوں نے ہولوکاسٹ کے بارے میں کسی بھی قسم کے منفی تبصرے کو کالعدم قرار دیا ہے ، میں ان سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو گالی دے کر جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف نفرت کا پیغام پھیلانے والوں کو سزا دینے کے لئے اسی معیار کو استعمال کریں۔