پشاور،نیشنل نیٹ بال چمپئن شپ کیلئے ہزارہ ڈویژن کھلاڑیوں کے ٹرائلزکا مرحلہ مکمل ہوگیا

پیر 14 جون 2021 20:49

پشاور،نیشنل نیٹ بال چمپئن شپ کیلئے ہزارہ ڈویژن کھلاڑیوں کے ٹرائلزکا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اسلام آبادمیں27تا30جون منعقدہ نیشنل نیٹ بال چمپئن شپ کیلئے خیبرپختونخواکی مضبوط ٹیم تشکیل دینے کیلئے ڈویژن کی سطح پر مردوخواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلزکا سلسلہ شروع ہوگیا،ہزارہ ڈویژن سے تین مرد اورتین خواتین کھلاڑیوں کا چنائو ہوگیا،جبکہ ڈی آئی خان ،بنوں کوہاٹ،مردان،پشاور اور سوات ڈویژن کے ٹرائلزبھی شیڈول کے مطابق ہونگے۔

خیبر پختونخوانیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ایم پی اے شفیق شیر آفریدی اور سیکرٹری فرحان اللہ کے مطابق نیشنل چمپئن شپ کیلئے باصلاحیتوں کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے صاف وشفاف اندازمیں ٹرائلزلئے جارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے گزشتہ روز ہزارہ ڈویژن پر مشتمل اضلاع ہری پور،ایبٹ آباد،تور غر اور مانسہرہ سمیت دیگر متعلقہ اضلاع سے 30سے زائدمرد وخواتین کھلاڑیوں نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

میرٹ بورڈنگ سکول ہری پورمیں منعقدہ ٹرائلزکے دوران سلیکشن کمیٹی کے اراکین اوید خان ،محسنہ ودیگر نے چیئرمین کمیٹی فرحا ن اللہ کی نگرانی ٹرائلزلئے ۔ٹرائلزمیں جن کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایاگیاہے ان میں خرم شہزاد،جعفر حیات اورحسنین جبکہ خواتین میں علینہ،فریال اور مرواہ شامل ہیں،اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہری پور نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر عمران نیازی اور سیکرٹری جنرل عادل بھی موجود تھے جنہوںنے ٹرائلزکے دوران آفیشلز اور کھلاڑیوں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔

اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدرمدثر آرائین اور صوبائی نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ایم پی اے شفیق شیر آفریدی کی ہدایت کی روشنی میں صوبے بھرمیں نیٹ بال کیلئے گراس روٹس لیول پر کام شروع کیاہے انشا اللہ مستقبل قریب میںبہترین نتائج نکلیںگے۔انہوںنے ہزارہ کے ٹرائلزکے بعد دیگر اضلاس کی ایسوسی ایشنز کوبھی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔