درچین مری کی سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بزدلانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت

سماج دشمن عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں ،پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،سینئر رہنما بی اے پی

پیر 14 جون 2021 21:42

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی کی سینئر رہنما درچین مری نے مارواڑ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بزدلانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ایسے حملے پر دشمن عناصر کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے ایف سی بلوچستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سبب بلوچستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے پاکستان کے محافظوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں شہید ہونے والوں پر ہمیں فخر ہے انہوں نے مادروطن پر اپنی جانیں قربان کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی آنچ بھی برداشت نہیں کی جائے گی قوم کا بچہ بچہ پاک سرزمین پر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیٹھ پیچھے حملہ کرنے والوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے جذبات سے خائف ہوچکے ہیں جو سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے ایسے واقعات سے قوم اور فورسز کے حوصلے کمزور نہیں ہونگے سکیورٹی فورسز نے دھشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے عوام اور سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں عوام دہشتگردی کے خلاف سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امان کے قیام ملک کی ترقی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے قوم پاک فوج کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی جو ہمارے لئے قربانی دیتی ہے ہم ان کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں جنہوں نے عوام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے اور ملک وقوم کاسر فخر سے ہمیشہ بلند کیا ہے۔