تربت میں 3جی اور 4 جی انٹرنیٹ سروس کی افتتاح تقریب کا انعقاد

پیر 14 جون 2021 21:42

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) گزشتہ روز یو فون پاکستان کی جانب سے تربت شہر میں 3جی اور 4 جی انٹرنیٹ سروس کا افتتاح ایک انتہائی پروقار تقریب میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان گرامی میں کمانڈنٹ مکران سکاؤٹ کرنل اظہر حنیف،ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ،ڈی پی او پولیس نجیب پندرانی،پی ٹی سی ایل کے سینیئر بزنس مینجر محمد سعید علیزئی ، ٹیکنیکل مینیجر 4 جی سیکشن یوفون بلوچستان جمیل احمد مری اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار میڈم زبیدہ جلال کی ہمشیران اور معروف سماجی کارکنان رحیمہ جلال اور کریمہ جلال بھی موجود تھیں۔

اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈینٹ مکران سکاؤٹ کرنل اظہر حنیف نے کہا کہ یوفون کی جانب سے تربت میں 4جی انٹرنیٹ سروس کی بحالی ایک خوش آنند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

جس کے مثبت اثرات تربت سمیت پورے ضلع کیچ میں محسوس کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے علاقے میں امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل کی گئی تھی مگر اب حالات میں کافی بہتری آئی ہے اور مستقبل میں مزید بہتری آنی کی امید ہے جس کی وجہ سے حکومت اور موبائل سروس مہیا کرنے والوں کمپنیوں کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام موبائل نیٹ ورک کی انٹرنیٹ سروس بتدریج بحال کی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں علاقے کے لوگوں کو موبائل انٹرنیٹ کی سہولیات اب فوری طور پر ہر جگہ دستیاب ہونگی۔

اس دوران انہوں نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار میڈم زبیدہ جلال کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کی وجہ سے موبائل 4جی سروسز بحال ہوئی ہیں۔دریں اثنائ ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موبائل 4 جی انٹرنیٹ کی بحالی تربت سمیت پورے ضلع کیچ کے عوام کے لیے ایک بہت بڑی خوش خبری ہے جس کا سب سے زیادہ کریڈٹ یقیناً وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار میڈم زبیدہ جلال کے سر جاتا ہے جن کی دن رات کوششوں سے موبائل 4 جی انٹرنیٹ سروس کی بحالی عمل میں لائی گئی ہے انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے یوفون اپنے سروس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی سہولیات کو تربت شہر کے علاوہ مند، تمپ،دشت،بلیدہ اور دیگر دیہی علاقوں میں پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال میں بہتری لاکر موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔قبل ازیں معروف سماجی کارکن اور میڈم زبیدہ جلال کی ہمشیرہ رحیمہ جلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کے وڑن کا حصہ ہے جبکہ اس وڑن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا کریڈٹ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار میڈم زبیدہ جلال کو جاتا ہے جن کی کوششوں سے تربت سمیت بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں انٹرنیٹ کی سہولیات کے بغیر ایک آسودہ زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے کالج اور یونیورسٹیوں کے طلبائ اور طالبات کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔اس دوران انہوں نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات کی وجہ سے ضلع کیچ میں موبائل انٹرنیٹ کی سہولیات بحال ہورہی ہیں۔

؂اس دوران ٹیکنیکل مینیجر 4 جی سیکشن یوفون بلوچستان جمیل احمد مری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربت شہر میں یوفون کے 4ٹاور کام کررہے ہیں جبکہ آئیندہ چند مہینوں میں تقریباً 100 کے قریب ٹاور مکران ڈویڑن سمیت پورے بلوچستان میں نصب کئے جائیں گے جس کے بعد بلوچستان کے بیشتر علاقے یوفون کے رینج میں شامل ہو جاہینگے۔بعد ازاں پہلے پی ٹی سی ایل کے سینیئر بزنس مینجر محمد سعید علیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربت شہر کو آواران اور گوادر کی جانب سے فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں تربت میں انٹرنیٹ کی رفتار میں تیزی آئیگی اور لوگوں کو بہترین سہولیات میسر آہینگی۔

اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں مند اور اسکے بعد تربت کے مضافات کو لینڈلائن انٹرنیٹ کی سہولیات پہنچانے کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ تین عدد جیفون ٹیلیفون ایکسچینج نصب کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں مند اور تربت شہر کے مضافاتی علاقوں میں لینڈ لائن انٹرنیٹ سروس دستیاب ہونگی