جے یو آئی کا18 جون کوسندھ حکومت کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کرنے پر اتفاق کر رکھا ہے،شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے،اسلم غوری

پیر 14 جون 2021 23:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) جے یو آئی نے 18 جون کوسندھ حکومت کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کافیصلہ کیاہے،یہ فیصلہ جامعہ مدنیہ اسلامیہ گلشن اقبال میں جمعیت علمااسلام کی صوبائی مجلس عاملہ اور کراچی کے اضلاع کے امراونظما کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں ، مرکزی ترجمان اسلم غوری،صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد۔

مولانا امین اللہ ، ڈاکٹر نصیر سواتی، مولانا فتح اللہ، سمیع سواتی، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا نورالحق، مولانا عبد الرشید نعمانی ،مولانا زرین شاہ، قاری نورالامین ، مولانا اجمل شیرازی، فخرالدین رازی، مولانا نسیم ،امجد محسودسمیت سینئرارکان شریک ہوئے،اجلاس میں شہر قائد میں پانی اور بجلی کے سنگین بحران پر تشویش کا اظہار کیا گیا اورمشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی قائد علامہ راشدمحمودسومرو کی ہدایت کے مطابق جے یو آئی کراچی کے تمام اضلاع 18 جون کو بعد نماز جمعہ کو سہہ پہر 3 بجے کراچی پریس کلب پرمشترکہ احتجاجی مظاہرہ کریں گے،اسی دن سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک جے یو آئی رہنماں نے مزیدکہاکہ سندھ میں غاصب حکومتوں کیخلاف عوامی حقوق کیلئے تحریک کا آغاز کررہے ہیں، سندھ میں پانی اور بجلی کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کرنے پر اتفاق کر رکھا ہے،شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اور بااثر لوگوں کی سرپرستی میں پانی مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے،صوبائی اور وفاقی حکومتیں عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں،سندھ کے حقوق کیلئے جے یو آئی نے ہرتحریک میںہراول دستہ کا کردار ادا کیاہے۔