سعودی عرب نے خواتین کو بغیر محرم حج کی اجازت دے دی

سعودی عرب کی جانب سے یہ اقدام اہل تشیع اوردیگرکے مطالبے کے بعد کیا گیا ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 جون 2021 11:18

اسلام آباد (اُردو پوائںٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2021ء) : وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ سعودی عرب نے اہل تشیع اور دیگر کے مطالبے کے بعد خواتین کو بغیر محرم حج کی اجازت دے دی ہے جبکہ رواں سال سعودی عرب میں مقیم افرادہی فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ خواتین کوبغیرمحرم حج کی اجازت دی گئی ہے، اور یہ اقدام اہل تشیع اوردیگر کے مطالبے کے بعد کیا گیا ہے۔

رواں سال صرف سعودی عرب میں مقیم ساٹھ ہزارافراد حج ادا کرسکیں گے، حج کے لئے رجسٹریش کا آغاز کردیا گیا ہے، سعودی حکام نے حج کے 3 پیکجزکا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا تھا کہ محرم کے بغیرخواتین بھی حج کے لیے درخواست جمع کروا سکتی ہیں، محرم کے بغیر خاتون کو خواتین کے گروپ میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ ایک خیمے میں عازمین کی تعداد 4 سےزیادہ نہیں ہوگی اور ہر جگہ 2عازمین کےدرمیان 2.5 میٹرکا فاصلہ ہو گا جبکہ مشاعر مقدسہ میں قرنطینہ کا بھی الگ انتظام کیا گیا ہے۔

سعودی وزارت حج کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی آن لائن پلیٹ فارم سے شروع کر دی گئی ہے۔ جو لوگ اس بار حج کے خواہش مند ہیں وہ اپنی درخواستیں وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر 10 روز تک جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔ وزارت حج کے مطابق اس بار کورونا پوروٹوکولز کی وجہ سے حج پیکیج ماضی کے مقابلے میں مہنگے ہوں گے۔

وزارت کی جانب سے مندرجہ ذیل تین حج پیکیجز متعارف کروائے گئے ہیں:
۔ پہلا پیکیج ”ضیافة ابراج‘ کے نام سے ماضی میں پیش کیے گئے پیکیج کے متوازی ہو گا۔ اس پیکیج میں اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت بغیر ویلیو ایڈد ٹیکس کے 16,650 ریال سے شروع ہو گی۔
۔ دوسرا پیکیج  ”ضیافة مخیمات“ کے نام سے ماضی میں پیش کیے گئے پیکیج کے متوازی ہو گا۔

اس پیکیج میں تمام اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت بغیر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے 14381 ریال سے شروع ہو گی۔
۔ تیسرا پیکج” ضیافة مخیمات“ کے نام سے ماضی میں پیش کیے گئے پیکیج کے متوازی ہو گا۔ اس پیکیج میں تمام اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت بغیر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے12,113 ریال سے شروع ہو گی۔ واضح رہے کہ سعودی وزارت حج نے دو روز اقبل اعلان کیا تھا کہ صرف سعودی شہری اور ملک میں مقیم غیر ملکی افراد ہی رواں سال حج کرسکیں گے اور اس طرح حج کی خواہش رکھنے والے دیگر ممالک کے شہریوں کو رواں برس حج کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔