مودی جس چیز کادرس دنیا کو دے رہے ہیں ، بھارت میں بھی اس پر عمل کریں ، پی چدمبرم

منگل 15 جون 2021 12:57

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2021ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے جی سیون سربراہ کانفرنس سے خطاب کے ایک دن بعد جس میں انہوں نے جمہوریت اور سوچ کی آزادی پر زوردیا تھا،کانگریس رہنما پی چدمبرم نے کہا ہے کہ مودی جس چیز کادرس دنیا کو دے رہے ہیں ، بھارت میں بھی اس پر عمل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیراعظم مودی نے اتوار کو کہا تھاکہ بھارت جمہوریت اورسوچ کی آزادی کے دفاع،آمریت، دہشت گردی، پرتشدد انتہا پسندی اور اقتصادی جارحیت سے پیداہونے والے خطرات سے آزادی کے لئے جی سیون اور اس کے شرکت داروں کا ایک قدرتی اتحادی ہے۔

پی چدمبرم نے کہاکہ جی۔ 7  سربراہ  اجلاس سے وزیراعظم مودی کی تقریر حوصلہ افزاء ہونے کے ساتھ ساتھ ستم ظریفی بھی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ وزیر اعظم واحد مہمان تھے جو ذاتی طور پراجلاس میں موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے آپ سے پوچھیں کیوں؟ کیونکہ بھارت کورونا  وائرس کی وباکے خلاف جنگ میں ایک ناکام ملک ہے۔ سابق بھارتی وزیر نے کہا کہ ہم سب سے زیادہ متاثرہ اورسب سے کم ویکسین لگانے والا ملک ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نے کارن وال برطانیہ میں منعقدہ جی سیون کے سربراہی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا تھا۔