بھارت میں صحافیوں اور کارٹونسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ ایڈیٹرز گلڈآف انڈیا

منگل 15 جون 2021 13:18

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) بھارت میں صحافیوں کی تنظیم ایڈیٹرز گلڈآف انڈیا نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے وزیر اعظم نریندر مودی کے عالمی موقف کے برعکس ملک میں صحافیوں اور کارٹونسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنظیم نے ایک بیان میں کہاکہ جب وہ ایسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرتے ہیں تو حکومت خود ان پر دباؤ ڈالتی ہے ۔

ایڈیٹرز گلڈ نے کہا کہ تنقید کرنے والے صحافیوں اور کارٹونسٹوں کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ حکومت اداروں پر دبائو ڈال رہی ہے کہ تنقید کرنے والے صحافیوں کو مشکوک الزامات کی بنیاد پرنکالا جائے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔تنظیم نے کہا کہ یہ سب اس عزم کے برعکس ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی نے G7 سربراہی اجلاس میں جمہوریت اورآزادی کے حوالے سے اور آمریت کے خلاف ظاہر کیاہے۔

(جاری ہے)

بیان میں صحافی سولب شریواستو کی پراسرار موت پر اتر پردیش پولیس کے رویے پر حیرانگی کا اظہار کیاگیاہے۔سولب شریواستو کو شراب کا دھندا کرنے والے مافیا کی طرف سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں جس کے خلاف انہوں نے رپورٹنگ کی تھی ۔ دھمکیوں کے بارے میں انہوں نے مقامی پولیس کو آگاہ کیا تھالیکن پولیس نے اس قتل کو چھپانے کے لئے ایک حادثہ قراردیا ہے۔ دریں اثناء کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی ودرا نے اتر پردیش حکومت کوسولب شریواستوکی موت پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یوگی حکومت ریاست میں جنگل راج کو فروغ دے رہی ہے۔