حکومت نے اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے ’ایگل اسکواڈ‘ بنا دیا

وزیراعظم عمران خان 100 موٹرسائیکلز پرمشتمل نئے ایگل اسکواڈ کا افتتاح کریں گے، وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی بڑھانے کے لیے ایگل اسکواڈ پر 30 کروڑ کی لاگت آئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جون 2021 13:28

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 جون 2021ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے 100 موٹر سائیکلز پر مشتمل نیا ’ایگل اسکواڈ‘ بن گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیکیورٹی بڑھانے کیلئے ایگل ا سکواڈ پر 30 کروڑ کی لاگت آئی ہے ، وزیراعظم عمران خان100 موٹرسائیکلز پرمشتمل نئے ایگل اسکواڈ کا افتتاح کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سیف سٹی پراجیکٹ اسلام آباد کے ہیڈ آفس کے دورے کا فیصلہ کیا ہے ، عمران خان کل سیف سٹی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کریں گے ، جہاں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد وزیراعظم عمران خان کو سیف سٹی میں توسیع سے متعلق بریفنگ دیں گے ، اس سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید آج سیف سٹی ہیڈ کوارٹر گئے جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورے سے متعلق کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس ضمن میں وزیرداخلہ نے آئی جی پولیس اسلام آباد اور دیگر پولیس افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حکومت نے اسلام آباد کو سیف زون بنانے کیلئے نئی فورس لانے کا فیصلہ کیا تھا ، وفاقی دارالحکومت کیلئے نئی فورس لانے کا اعلان وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کیا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 8 سے 10 روز میں اسلام آباد کے لیے نئی فورس شروع کرنے اور دارالحکومت کو محفوظ بنانے کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، اسلام آبادمیں رات کو بھی 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ہمارے دورمیں پولیس کے شہداء کی تعداد 9 ہو گئی ، اس لیے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو سیف زون بنائیں گے ، مذکورہ نئی فورس کے پیٹرولنگ اسکواڈ میں 150 موٹر بائیکس اور 20 گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔