ہر سال بجٹ میں کراچی کے لیے بڑے بڑے اعلانات ہوتے ہیں لیکن شہر میں درجنوں منصوبے کئی سال سے تکمیل کے منتظر

سندھ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے برائون لائن ،اورنج لائن، ریڈلائن اور بلو لائن کے منصوبوں کے لیے رقم مختص کی، لیکن کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا جاسکا

منگل 15 جون 2021 14:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) ہر سال بجٹ میں کراچی کے لیے بڑے بڑے اعلانات ہوتے ہیں لیکن شہر میں درجنوں منصوبے کئی سال سے تکمیل کے منتظر ہیں۔سندھ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے برائون لائن ،اورنج لائن، ریڈلائن اور بلو لائن کے منصوبوں کیلیے رقم مختص کی۔ لیکن کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا جاسکا۔

اورنگی ٹائون سے میٹرک بورڈ آفس تک یلو لائن کے منصوبے پر کام تو شروع ہوا، لیکن سال بھرمیں مکمل نہ ہوسکا۔کچرااٹھانے کیلیے کورنگی اور ضلع وسطی میں نجی کمپنیوں کو متعارف کرانے کے منصوبے بھی تاحال التوا کا شکار ہیں۔ شہر میں جو منصوبے مکمل ہوئے وہ بھی ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل کئے گئے۔وزیراعلی سندھ کہتے ہیں شہرکی حالت اتنی بھی خراب نہیں جتنی بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا دعوی ہے کہ فنڈزکی قلت کے باوجود ے سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شہر میں جاری ہیں۔مرادعلی شاہ کے مطابق کراچی شہر کے اندر ہم اپنی ڈسٹرکٹ اے ڈی پی پروویژنل اے ڈی پی، فیڈرل سے مدد لے رہے ہیں اورانٹرنیشنل انجینئرز کے ساتھ اس وقت جو پروجیکٹس جاری ہیں ان سینکڑوں اسکیم چل رہی ہیں۔بات کی جائے وفاقی حکومت کی تو سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں منظور کئے گئے دو منصوبے گزشتہ مالی سال میں مکمل ہوئے لیکن2016 سے شروع ہونے والا گرین لائن منصوبہ تاحال غیر فعال ہے۔

کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ بھی 17 ارب روپے خرچ ہونے کے باوجو دمکمل نہ ہوسکا ۔سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ پلانٹ تک پہنچانے کیلیے ایس تھری منصوبہ گزشتہ سات سال سے جاری ہے جو اب تک مکمل نہیں ہوسکا۔کے تھری منصوبے پر اب تک10ارب روپے کی لاگت آچکی ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ تین سال کے دوران کراچی کے لیی162ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا۔

کراچی اور حیدرآباد کی بلدیاتی حکومت کو خصوصی گرانٹ دینے کا اعلان کیا لیکن اس پر عمل نہ ہوا۔رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے بتایا کہ 6.4 کلو میٹر کا نشترروڈ مکمل کیا ہے،603 کلو میٹر نیپئر روڈ پر کام مکمل کیا۔چار نالوں کی صفائی مکمل کی اس کے اطراف میں سٹرکیں بنوائیں، 6 فلائی اوورز ناظم آباد میں بنوائے گئے ہیں۔سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے دور میں محکمہ فائربریگیڈ کو جدید فائرٹینڈرز، اسنارکل اور بائوزرزدینے کا منصوبہ بھی رواں مالی سال میں مکمل ہوا۔