کیا بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی حلال ہے؟ کیا ان کی خریدو فروخت جائز ہے ؟

المیزان ایسٹ مینجمنٹ کے سی ای او محمد شعیب نے بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت سے متعلق تفصیلات بتا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 جون 2021 15:14

اسلام آباد (اُردو پوائںٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کرپٹو کرنسی بالخصوص بٹ کوائن کی خرید و فروخت کے حلال یا حرام ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے المیزان ایسٹ مینجمنٹ کے سی ای او محمد شعیب نے کہا کہ کرپٹو ایسٹس بنیادی طور پر اس دنیا کے لیے ایک نئی چیز ہے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے ہمارے پاس پہلی مرتبہ کرنسی نوٹ آئے تھے کیونکہ اس سے پہلے گولڈ اسٹینڈرڈ چل رہا تھا۔

جس کے بعد گولڈ اسٹینڈرڈ سے ہٹ کر ایک لیگل ٹینڈر الگ ہو گیا۔ ٹھیک اسی طرح اب کرپٹو کرنسی کو بھی لیگل ٹینڈر کی طرف لے کر جانے کا کہا جا رہا ہے لیکن ریگولیٹری بیسز پر اسٹیٹ بینک نے فی الوقت کرپٹو کرنسی کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک میں کرپٹو کرنسی میں لین دین کی اجازت بھی دی گئی تھی لیکن حال ہی میں ان پر کچھ سختیاں بھی کی گئی ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ کرپٹو کرنسی پر کئی لوگوں کو تحفظات ہیں۔

(جاری ہے)

چین میں بھی کرپٹو کرنسی پر کافی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت کو اگر شریعت کی روشنی میں دیکھا جائے تو عالمہ سطح پر بھی مختلف علمائے اکرام کے اس حوالے سے مختلف خیالات ہیں۔ کچھ علما کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی کی خریدو فروخت حلال ہے جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت حرام ہے۔ محمد شعیب نے کہا کہ حال ہی میں میں نے مفتی تقی عثمان کا اس حوالے سے ایک بیان دیکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں کرپٹو کرنسی کو ہم حلال نہیں سمجھتے، اُن کا ماننا ہے کہ بنیادی طور پر کرپٹو کا فی الوقت کوئی وجود نہیں ہے سب کچھ ایک مفروضے اور قیاس آرائی پر ہو رہا ہے ۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ فی الحال تو ہم نہیں کہتے کہ کرپٹو کرنسی کی خریدو فروخت حلال ہے البتہ آنےوالے دنوں میں ہو سکتا ہے کہ کچھ ایسی تبدیلیاں رونما ہوں جن کے پیش نظر کرپٹو کرنسی کا لین دین بھی حلال ہو جائے۔ محمد شعیب کا مزید کیا کہنا تھا آپ بھی دیکھیں: واضح رہے کہ کسی حقیقی کرنسی کے مقابلے میں بٹ کوائنز ہر طرح کے ضابطوں یا حکومتی کنٹرول سے آزاد ہے اور اس کا استعمال بہت آسان ہے۔

اس وقت اسے متعدد ممالک جیسے کینیڈا، چین اور امریکہ وغیرہ میں استعمال کیا جارہا ہے تاہم دنیا میں انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والا ہر شخص اس کرنسی کو خرید سکتا ہے۔اس کرنسی کی لین دین کے لیے صارف کا لازمی طور پر بٹ کوائن والٹ اکاؤنٹ ہونا چاہئیے جسے بٹ کوائن والٹ اپلیکشن ڈاؤن لوڈ کرکے بنایا جاسکتا ہے۔