بجٹ عوامی نہیں عمران خان عوام کو ریلیف دیں،متحدہ علماء محاذ

امن کیلئے پاک افغان علماء وفود میں متحرک و موثر علماء کو شامل کیاجائے،علما ء کے وفد سے گفتگو

منگل 15 جون 2021 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ بجٹ قابل قبول اور عوامی نہیں،وزیراعظم عمران خان غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے کیلئے بجٹ پر نظرثانی کریں۔سعودی حکومت حکومت کا امسال فریضہ حج کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ از روئے شریعت درست نہیں ۔

سعودی حج پالیسی کی تائید میں مفتی اعظم مصر ڈاکٹر شوقی علام کے بیان و فتوے پر عالم اسلام خصوصاً پاکستان کے جید علماء مشائخ کو تحفظات ہیں۔ سعودی حکومت آئندہ سال تک کسی کے مرنے یا جینے کی ضمانت نہیں دے سکتی ، جن مسلمانوں پر حج فرض ہوچکاہے اور وہ اس سال حج نہیں کرسکے اور آئندہ سال مر گئے اس کا گناہ یا ذمہ داری کس پر ہوگی۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت حالیہ حج پالیسی پر نظرثانی کرے کیونکہ کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کو بہتر سے بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔

مولانا محمد امین انصاری نے کہا کہ 40سالوں سے 30لاکھ سے زائد افغان مہاجرین پاکستان میںقیام پذیر ہیںاور افغانستان میں امن نہ ہونے کے باعث ہر طرح کے حالات سے دوچار ہیں،بہت بہتر ہوگا کہ افغانستان میں مستقل پائیدار امن اور طالبان و حکومت کے مابین مصالحتی کردار کیلئے پاکستان کے جیدمتحرک و موثر علماء کے وفود بھی افغانستان جائیںاور وہاں کے علماء مشائخ پاکستان کا دورہ کریں۔ملاقات کرنے والے علماء کے وفود میں مولانا انتظارالحق تھانوی، علامہ عبدالخالق فریدی، علامہ پیر احمد عمران نقشبندی، علامہ علی کرارنقوی، علامہ سید سجاد شبیررضوی ، مولانا مفتی محمد بخاری ودیگر شامل تھے۔